اسلام آباد (سچ نیوز) وفاقی وزیر خالد مقبول صدیقی نے کہاہے کہ پرویز مشرف نے 40تک ملک کی خدمت کرکے ہم پر احسان کیا ،وہ 1999میں اپنی خوشی سے اقتدار میں نہیں آئے تھے ، ہم اتنے احسان فراموش نہیں ہیں ۔
کراچی میں سابق صدر پرویز مشرف کے حق میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ پرویز مشرف نے اپنی زندگی کے چالیس سال اس ملک کودیئے ، وہ 1999میں اپنی خوشی سے اقتدار میں نہیں آئے تھے ، ہم اتنے احسان فراموش نہیں ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اس ملک میں میڈیا کو ایک آمر نے آزاد کیا تھا ،ہم وہ پاکستان چاہتے ہیں جہاں سچ بولنے پر غدار نہ ٹھہرایا جائے ۔
خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ ایک عدالت نے آئین اور شریعت کے خلاف فیصلہ دیا ، ایسی زبان جو اس فیصلے میں استعمال ہوئی ، ایسی زبان 70سال میں استعمال نہیں کی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ عدالتیں آئین اور قانون کی تشریح کرسکتی ہیں ، ہم کوڈر ہے کہ کہیں عدالتوں پر سے اعتماد ختم نہ ہوجائے ۔ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم عدالتوں کااحترام کرتی ہے ، پاکستان قربانیوں سے معرض وجود میں آیا ، ایم کیو ایم سمجھتی ہے کہ پاکستان کو انصاف سے ہی جوڑا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم احسان فراموش نہیں ہیں ،یہ بتانے آئے ہیں کہ ایسے شخص کوسزا سنائی گئی جس نے امانت کے تحفظ کی قسم کھائی تھی ۔ ایک عدالت نے آئین اور انصاف سے ماوراءفیصلہ کیا ، فیصلے میں مخصوص طبقے کی توہین نظر آتی ہے۔یہ کیسے ممکن ہے کہ 1999کا فیصلہ جائز اور 2007کا فیصلہ ناجائز ہے ۔