(مکہ مکرمہ سچ نیوز) مسجد الحرام اور مسجد نبوی کی جنرل پریذیڈنسی کے سربراہ اعلی شیخ ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس نے نئے کورونا وائرس کے پھیلاﺅکو روکنے اور اس سے بچاﺅ کے لیے خانہ کعبہ ، مسجد الحرام خصوصاً حجر اسود پر جراثیم کش ادویہ کےسپرے میں بذات خود حصہ لیا ہے۔ اس کی وڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔ مسجد الحرام کی انتظامیہ زائرین کو نئے کورونا وائرس سے بچانے کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دیے ہوئے ہے۔یہ ٹیمیں نماز عشاءکے ایک گھنٹے بعد سے لے کر نماز فجر سے ایک گھنٹے قبل تک حرم شریف کے ایک ایک حصے کی دھلائی، صفائی کا کام کررہی ہیں۔ جراثیم کش ادویہ کا اسپرے کیا جارہا ہے۔ علاوہ ازیں باقی اوقات میں بھی صفائی کا خاص اہتمام کیا جارہا ہے۔
مسجد الحرام کی انتظامیہ نے اس حوالے سے اپنے نئے بیان میں بتایا ہے کہ ’ڈاکٹر السدیس صفائی ٹیموں کا حوصلہ بڑھانے کے لیے خانہ کعبہ اور اس کے اطراف صحن مطاف ، حجر اسود، رکن یمانی اور مقام ابراہیم کی صفائی میں شریک ہوئے‘۔ انہوں نے احتیاطی تدبیر کے طور پر جراثیم کش ادویہ کے چھڑکاﺅ ، حرم کے فرش کی دھلائی کے کام بھی کیے۔ڈاکٹر السدیس نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’مسجد الحرام میں احتیاطی تدابیر صفائی جراثیم کش ادویہ کا سپرے زائرین کو کورونا وائرس سے بچانے اور ان کی صحت و سلامتی کو یقینی بنانے کی خاطر اللہ کی رضا کے لیے کیا جارہا ہے ۔یہ کام اعزاز کا ہے۔ یہ کام فخر کا ہے۔ اس کام کی بدولت اللہ تعالیٰ کے مہمانوں کی حفاظت ہوگی۔ اس کی بدولت وہ ممکنہ تکلیف سے محفوظ رہیں گے۔ اس پر اللہ تعالیٰ بڑے اجر سے نوازے گا