مستونگ عید میلاد النبی جلوس اور ہنگو مسجد میں دھماکوں کی شدید مذمت کرتے ہیں
12 ربیع الاول کے دن انسانیت سوز کارروائیاں اسلام اور ملک کے خلاف منظم سازش ہے علامہ راجہ ناصر عباس جعفری
راولپنڈی ( ڈسٹرکٹ بیورو چیف محمد رمضان نصرت ) چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے مستونگ عید میلاد النبی کے جلوس اور ہنگو مسجد دو آبہ میں دہشت گردی کے واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ قیمتی انسانی جانوں سے کھیلنے والے سفاک درندے کسی رعایت کے مستحق نہیں، بلوچستان، خیبرپختونخواہ اور ملک کے دیگر حصوں میں موجود شدت پسند تکفیری گروہ ملک دشمن عالمی طاقتوں کے سہولت کار ہیں، ملک و قوم کی سلامتی ان بیرونی آلہ کاروں کی بیخ کنی سے ہی مشروط ہے، دہشت گردوں کی کمین گاہوں کا تدارک کیئے بغیر ملک میں امن کی امید محض خام خیالی ہے، 12 ربیع الاول کے دن سفاکانہ اور بے رحمانہ کاروائیاں اسلام اور ملک کے خلاف منظم سازش ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بھارت، امریکہ اور اسرائیل پاکستان کے دشمن ہیں جو کہ وطن عزیز کی سلامتی و استحکام کو سبوتاژ کرنے کے درپے ہیں، ان اسلام دشمن ممالک سے خیر کی امید رکھنا خود کو دھوکہ دینے کے مترادف ہے، میں اپنی پوری قوم کی جانب سے لواحقین سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے شہداء کی بلندی درجات اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہوں، حکومت اور ملکی سلامتی کے ذمہ دار ریاستی اداروں سے مطالبہ کرتا ہوں کہ تکفیری گروہوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف تمام تر مصلحتوں سے بالاتر ہو کر سخت کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ ملک وملت کو مزید جانی و مالی نقصان سے محفوظ رکھا جا سکے