کراچی (سچ نیوز) پاکستانی اداکارہ مہوش حیات نے ایک تقریب کے دوران صحافی سے گفتگو کے دوران کشمیری بچوں کے بارے میں بات کرنے سے انکار کردیا۔
بچوں کی تعلیم کے حوالے سے کام کرنے والی تنظیم ’ پینی اپیل‘ کی جانب سے منعقدہ ایک تقریب میں مہوش حیات نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ مذکورہ این جی او کی ویب سائٹ پر اداکارہ کو پاکستان میں بطور برانڈ ایمبیسڈر پیش کیا گیا ہے۔ ویب سائٹ پر دستیاب معلومات کے مطابق مہوش حیات پاکستان میں غریب بچوں کیلئے 5 سکولوں کی تعمیر میں حصہ لے رہی ہیں اور ان کیلئے فنڈ ریزنگ کر رہی ہیں۔
پینی اپیل کی تقریب کے دوران ایک صحافی نے مہوش حیات سے سوال پوچھا کہ آپ نے یتیم بچوں کی کفالت کی ذمہ داری اٹھائی ہے، کشمیر میں بھی ہزاروں یتیم بچے ہیں، ان کیلئے آپ کیا کہیں گی؟۔ اس سوال پر مہوش حیات نے کہا کہ انہیں کشمیر پر بات کرنے سے منع کیا گیا ہے، صحافی کی بار بار درخواست کے باوجود اداکارہ نے کشمیر کے موضوع پر بات کرنے سے منع کردیا۔
مہوش حیات کی یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوچکی ہے اور انہیں کڑی تنقید کا سامنا ہے۔ یہ واضح نہیں ہوسکا ہے کہ مہوش حیات کو کس نے کشمیر پر بولنے سے منع کیا تھا، کیا پینی اپیل این جی او نے انہیں ایسا کرنے سے منع کیا تھا یا کسی اور وجہ سے انہوں نے کشمیر کے موضوع پر بات نہیں کی۔
کشمیر پر میں نہیں بولنا چاہتی
مہوش حیات pic.twitter.com/YKtWNCYmDZ— Afzaal wattoo (@Cooolwattoo) September 29, 2019
سوشل میڈیا پر اداکارہ کو یہ کہہ کر بھی تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے کہ اگر انہوں نے کشمیر پر بات کی تو ان کو بالی ووڈ میں کام نہیں ملے گا۔ اگر اداکارہ کے ماضی کا جائزہ لیا جائے تو انہوں نے کبھی بھی بھارت میں کام نہیں کیا بلکہ پاکستان میں ہی اپنا نام پیدا کیا ہے۔
وزیر اعظم عمران خان کے جنرل اسمبلی میں کیے گئے خطاب کی بھی مہوش حیات نے کھل کر تعریف کی تھی اور کشمیر کا مسئلہ اٹھانے پر انہیں زبردست لیڈر قرار دیا تھا۔ انہوں نے یہ پیغام بھی دیا تھا کہ پاکستانی وہ چیتے ہیں جو سکون سے رہنا چاہتے ہیں اس لیے انہیں تنگ نہ کیا جائے۔
Our PM’s address to the UNGA was awe inspiring. So glad that we have a leader who so eloquently put our case to the world. The UN has to take heed & end the oppression in Kashmir. Remember the Pakistani nation are like cornered tigers don’t provoke us! 🇵🇰#ImranKhanVoiceOfKashmir
— Mehwish Hayat TI (@MehwishHayat) September 27, 2019