علی گڑھ (سچ نیوز) علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے طلبہ ، اساتذہ اور نان ٹیچنگ سٹاف نے مشترکہ طور پر جامعہ کے وائس چانسلر اور رجسٹرار کو ان کے عہدوں سے برخاست کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
علی گڑھ یونیورسٹی کے طلبہ، اساتذہ اور نان ٹیچنگ سٹاف کی جانب سے جاری نوٹس میں کہا گیا ہے کہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور اور رجسٹر عبدالحمید کو فوری اثر کے تحت ان کے عہدوں سے برخاست کیا جاتا ہے، دونوں عہدیداروں پر واضح کیا جاتا ہے کہ وہ 5 جنوری 2020 تک وی سی اور رجسٹرار لاج کو خالی کردیں بصورت دیگر طلبہ ، اساتذہ اور نان ٹیچنگ سٹاف انتظامی معاملات کا بائیکاٹ کردیں گے اور یہ سلسلہ ان دونوں کے استعفیٰ تک جاری رہے گا۔
قبل ازیں علی گڑھ یونیورسٹی کے سٹوڈنٹس لیڈرز نے اتوار کے روز طلبہ پر ہونے والے پولیس تشدد کی شدید الفاظ میں مذمت کی تھی اور وی سی کے استعفیٰ کا مطالبہ کیا تھا۔ خیال رہے کہ بھارت میں متنازعہ شہریت بل کے خلاف احتجاج کے دوران نئی دلی پولیس نے جامعہ ملیہ کے طلبہ پر تشدد کیا تھا جس کے بعد پورے ملک میں احتجاج کا سلسلہ پھیل گیا تھا، پولیس نے احتجاج کے دوران علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے طلبہ کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔