دُبئی ( سچ نیوز ) متحدہ عرب امارات میں رواں ہفتے ہونے والی بارشوں نے نظامِ زندگی درہم برہم کر کے رکھ دیا ۔ خصوصاً دُبئی اور شارجہ میں عوام شدید مشکلات کا شکار ہو گئے۔ کئی اسکولوں میں بچوں کی حاضری بھی نہ ہونے کے برابر رہی۔ دُبئی اور شارجہ میں منگل اور بُدھ کی درمیانی رات بارش کا سلسلہ شروع ہوا جو وقفے وقفے سے بُدھ اور جمعرات کو بھی جاری رہا۔جس کے باعث کئی مقامات اور نشیبی علاقوں میں پانی کھڑا ہو گیا۔ جبکہ ٹریفک کی آمد و رفت بھی شدید متاثر ہوئی۔ دُبئی محکمہ ٹریفک کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ بارش کے باعث بُدھ کے روز صرف 10 گھنٹوں کے دورانیے میں 154ٹریفک حادثات پیش آئے۔ محکمہ ٹریفک کے ڈائریکٹر بریگیڈیئر سیف المزروعی نے بتایا کہ ڈیڑھ سو سے زائد ٹریفک حادثات کے باعث اکثر سڑکیں ٹریفک کے لیے بند کر دی گئیں، اور وہاں پر حادثے کا شکار ہونے والی گاڑیوں کو ہٹانے میں خاصا وقت لگ گیا۔