کراچی: (سچ نیوز) کراچی کے علاقے پی آئی بی میں لڑکی کے مبینہ اغوا پر احتجاج کا معاملہ، جلاؤ گھیراؤ اور املاک کو نقصان پہنچانے کے الزام میں ایم کیو ایم کے رہنما فاروق ستار سمیت 80 افراد کے خلاف مقدمہ درج، پولیس کا کہنا ہے لڑکی اپنی مرضی سے گھر سے گئی، بے بنیاد احتجاج کیا گیا۔
گزشتہ روز پی آئی بی کے علاقے سے دعا نامی لڑکی کے مبینہ اغوا کے معاملہ پر احتجاج کے دوران جلاؤ گھیراؤ اور املاک کو نقصان پہنچانے کے الزام میں ایم کیو ایم کے رہنما فاروق ستار سمیت 80 افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
ایس پی گلشن مرتضیٰ بھٹو کے مطابق فاروق ستار نے حقائق جانے بغیر سڑکوں کو بلاک کیا۔ مظاہرین نے ڈنڈوں اور لاٹھیوں سے گاڑیوں اور املاک کو نقصان پہنچایا۔ دعا نامی لڑکی اپنی مرضی سے وقاص نامی نوجوان کے ساتھ گئی تھی جسے اغوا کا واقعہ ظاہر کرکے بے بنیاد ہنگامہ آرائی کی گئی۔
ایس پی گلشن کا کہنا ہے کہ میڈیا سے احتجاج کی فوٹیجز حاصل کی جا رہی ہیں جس کی روشنی میں ملزمان کی نشان دہی کر کے گرفتار کرنے کا سلسلہ شروع کیا جائے گا۔