لندن(سچ نیوز) چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار کا کہنا ہے کہ انھیں کچھ بڑوں سے توقع تھی مگر انہوں نے ڈیم فنڈ میں خاطر خواہ حصہ نہیں ڈالا، لیکن وہ اربوں روپے لوٹ کر باہر جائیدادوں بنانے والوں سے حساب لیں گے۔نجی ٹی وی کے مطابق مانچسٹر میں لائیو ٹیلی تھون سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس نے کہا افسوس ہے کہ جن لوگوں نے اربوں روپے لوٹے انہوں نے رقم نہیں دی۔ میں حساب لوں گا کہ کس نے کتنی جائیدادیں بنائیں؟ تین ارب روپے کی پراپرٹی دبئی میں کیسے بنائی؟ لانچ پر پیسے باہر بھیجنے والوں کو حساب دینا پڑے گا۔جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ یہ سارا پیسہ پاکستانی قوم اور ٹیکس دہندگان کی امانت ہے اس رقم کو ڈیم فنڈ میں دینا پڑے گا، نہ دیا تو کارروائی کے ذریعے حساب لینا پڑے گا۔ساتھ ہی ان کا کہنا تھا کہ ایسے لوگوں سے اربوں روپے واپس لیں گے تو ڈیم کےلئے مزید چندے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔