لندن برج کے قریب چاقو سے 2 افراد کی جان لینے والے ملزم کی شناخت ہوگئی

لندن: (سچ نیوز) لندن برج پر چاقو کے وار کر کے دو افراد کو ہلاک کرنے والے حملہ آور کی شناخت ہوگئی، برطانوی خبر ایجنسی کے مطابق 28 سالہ عثمان خان دہشت گردی کے جرم میں جیل کاٹ چکا اور ایک سال قبل ہی رہا ہوا تھا۔

پولیس کے مطابق عثمان خان کو 2012 میں لندن سٹاک ایکسچینج میں حملے کی منصوبہ بندی اور دہشت گردی کا تربیتی کیمپ بنانے کے جرم میں سزا ہوئی اور اسے 2018 دسمبر میں رہا کیا گیا۔ 28 سالہ عثمان کو ایک سال قبل اس شرط پر رہائی ملی تھی کہ وہ الیکٹرانک ٹیگ کو پہنے رکھے گا تاکہ اس کی نقل و حرکت پر نظر رکھی جا سکے۔

پولیس نے حملہ آور کے سٹیفرڈ شائر میں گھر پر بھی تلاشی لی۔ پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں یہ معلوم نہیں کیا جاسکا کہ کوئی اور بھی اس واقعے میں ملوث ہے۔

چاقو سے لیس حملہ آور نے گزشتہ روز لندن برج میں قیدیوں کی بحالی کے سلسلے میں کیمبرج یونیورسٹی کی کانفرنس کے قریب حملہ کیا تھا۔ اس تقریب میں درجنوں افراد یونیورسٹی کے طلبا اور سابق قیدی موجود تھے، حملے میں دو افراد ہلاک ہوگئے، نئی فوٹیج میں قریب موجود ایک شخص کو حملہ آور کو قابو کرنے کے لیے آگ بجھانے والا کیمیکل استعمال کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔

دوسری طرف خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق لندن میں چاقو حملے کی ذ٘مہ داری کالعدم دہشت گرد تنظیم داعش نے قبول کرلی،حملہ کرنے والے شخص کو کالعدم دہشت گرد تنظیم داعش نے اپنا رکن تسلیم کیا

Exit mobile version