برسبین: (سچ نیوز) کھلاڑی آج مکمل آرام کریں گے، کل سے میدان میں اِن ایکشن ہوں گے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان دونوں ٹور میچ بے نتیجہ ختم ہو گئے تھے۔ ٹیسٹ کا امتحان اکیس نومبر سے شروع ہوگا۔ بابر اعظم نے ٹیسٹ میچز میں بھی اچھی پرفارمنس دکھانے پر نظریں جما لیں۔
اظہر الیون اٹھارہ نومبر سے برسبین میں پریکٹس کا آغاز کرے گی۔ آسٹریلیا اے کے خلاف کھیلے گئے دونوں ٹور میچ تو بے نتیجہ رہے لیکن قومی کھلاڑیوں کی بیٹنگ اور باؤلنگ میں اچھی پرفارمنس نے اچھی امیدیں دلا دی ہیں۔
قومی ٹاپ آرڈر بلے باز بابر اعظم کہتے ہیں کہ پریکٹس میچز میں کارکردگی شاندار رہی، امید ہے بڑے امتحان میں بھی سب ایسے ہی پاس ہوں گے۔ خیال رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دو ٹیسٹ میچز کی سیریز اکیس نومبر سے شروع ہوگی۔
پرتھ پر کھیلے گئے دوسرے پریکٹس میں بھی قومی کھلاڑیوں فل فارم میں نظر آئے۔ بخار کا شکار اظہر علی کی جگہ کپتانی کے فرائض انجام دینے والے اسد شفیق کی سنچری کی بدولت تین سو چھیاسی رنز سات کھلاڑی آؤٹ پر پہلی اننگز ڈیکلیئر کر دی تھی۔
جواب میں میزبان آسٹریلیا الیون کا آغاز مایوس کن تھا۔ دو سو چھیالیس رنز سات کھلاڑی آؤٹ تک پہنچے تو کھیل ختم کر دیا گیا۔ محمد عباس اور محمد موسیٰ نے دو دو جبکہ کاشف بھٹی، یاسر شاہ اور افتخار احمد نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔