واشنگٹن(سچ نیوز )چینی ایپلی کیشن ٹک ٹاک پر پابندی لگانے والے ممالک میں امریکا بھی شامل ہوگیا،امریکا میں سائبر اور قومی سلامتی کو لاحق خطرات کے پیش نظر فوجی اہلکاروں کے موبائل فونز میں ٹک ٹاک ایپ انسٹال کرنے پر پابندی عائد کردی گئی ۔امریکی فوجیوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ یہ ایپ استعمال نہ کریں۔امریکی میڈیا کے مطابق حکام نے یہ فیصلہ اس لئے کیا ہے کہ کہیں یہ چینی کمپنی ان کی سلامتی کیلئے خطرہ یا فوجی اہلکاروں کے ڈیٹا تک رسائی حاصل نہ کرلے۔امریکی فوجی ترجمان لیفٹیننٹ کرنل رابن اوشاونے ملٹری ڈاٹ کام سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ فوجیوں خصوصی نئے تعینات ہونے والے اہلکار وں کی بڑی تعداد یہ ایپ استعمال کررہی تھی تاہم ان کی حفاظت کے پیش نظر انہیں پابند کیاگیاہے کہ وہ یہ ایپ استعمال نہ کریں۔
اس سے قبل امریکی بحریہ نے بھی اپنے اہلکاروں کو اس ایپ کے استعمال سے روک دیا تھا۔امریکی حکام کی جانب سے ہدایت کی گئی کہ اپنے موبائل فونز میں ایپس انسٹال کرتے وقت تسلی ضرور کریں اورکسی بھی مشکوک واقعے کی متعلقہ حکام کو اطلاع دیں۔
دنیا بھر میں لاکھوں صارفین کے زیر استعمال ٹک ٹاک ایپ پر اس سے قبل بھی امریکا اور دیگر ممالک میں شکوک و شبہات کا اظہار کیا گیا تھا جس کے باعث اس کی جانچ بھی کی گئی تھی۔ٹک ٹاک اپنے صارفین کو 15 سیکنڈز کے ویڈیو کی سہولت فراہم کرتی ہے، گانوں اور دیگر ویڈیوز کو دلچسپ بھی بنایا جاتا ہے جبکہ صارفین اس کو محدود بھی کرسکتے ہیں۔دوسری جانب دنیا کے مختلف ممالک اس ایپ پر پابندی بھی لگا چکے ہیں۔