فیصل آباد حکومت پنجاب کی طرف سے تعمیراتی شعبے کی ترقی کیلئے ڈویلپرز و بلڈرز کو محکمانہ امور میں خاطر خواہ آسانیاں فراہم کی گئی ہیں۔ اس سلسلے میں ایف ڈی اے سٹی کے الاٹیز اور پراپرٹی ڈیلرز کی سہولیات کیلئے محکمانہ کارروائی کے طریقہ کار کو مزید سہل بنانے کیلئے اقدامات کئے جائیں گئے۔یہ بات ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے عامر عزیز نے پراپرٹی ڈیلرز ایسوسی ایشن ایف ڈی اے سٹی کے وفد سے ملاقات کرتے ہوئے کہی۔جس کی قیادت میاں تنویرریاض کررہے تھے۔ڈائریکٹرز اسٹیٹ مینجمنٹ سہیل مقصود پنوں،مہر ایوب گجراوردیگر افسران اس موقع پر موجودتھے۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل نے کہاکہ حکومتی فیصلہ کے تحت تعمیراتی شعبے سے متعلق اجازت ناموں / این او سی کے حصول کیلئے درخواستوں کی وصولی کا کام ای خدمت مرکز نزدجنرل بس سٹینڈمیں شروع کیاگیاہے جن پر تیز رفتار محکمانہ کارروائی کیلئے انفارمیشن ٹیکنالوجی کا جدید نظام وضع کرکے پورٹل کے ذریعے متعلقہ محکموں کو یکجا کردیاگیاہے تاکہ درخواست گزاروں کو مختلف دفاتر کے چکر نہ لگانا پڑیں اور ایک ہی چھت کے نیچے مقررہ ایام کے دوران ان کے کام کی تکمیل ہوسکے۔ انہوں نے بتایاکہ پرائیویٹ ہاؤسنگ سکیموں کی منظوری کے مراحل اور رہائشی و کاروباری عمارات کی تعمیر کیلئے مجوزہ نقشہ جات کی منظوری، عمارتوں کی تعمیرکے تکمیلی سرٹیفکیٹس کے اجراء اور جائیدادوں کی کمرشلائزیشن کی اجازت کے حصول کی درخواستیں ای خدمت مرکز پر جمع کرکے ان پر ٹائم لائنزکے مطابق فیصلہ کرنے کیلئے محکموں کو پابندبنایاگیاہے لہٰذا درخواست گزاروں کو چاہئے کہ وہ مطلوبہ دستاویزات اور طے شدہ فیسوں کی ادائیگی کے بعد اپنی درخواستیں جمع کر ائیں تاکہ انہیں مقررہ ایام کے اندر ریلیف فراہم کیاجاسکے۔ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل نے پراپرٹی ڈیلرزایسوسی ایشن کے نمائندوں کو یقین دلایا کہ ایف ڈی اے سٹی کے پلاٹس کی ٹرانسفر، فیسوں کی ادائیگی، ملکیت سرٹیفکیٹس کے اجراء اور دیگر محکمانہ امور کی تیزرفتار انجام دہی کیلئے طریقہ کار کو مزید آسان بنایاجائیگا۔ انہوں نے کہاکہ پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ ایف ڈی اے سٹی میں بینک کے کاؤنٹر کے قیام کیلئے بھی اقدامات کئے جائینگے جبکہ ون ونڈو کاؤنٹرپر الاٹیز کو ہرممکن سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔ پراپرٹی ڈیلرز ایسوسی ایشن کے نمائندوں نے محکمانہ طریقہ کار آسان بنانے اور ایف ڈی اے سٹی کی ترقی کے امورکو آگے بڑھانے کے حوالے سے مختلف تجاویز دیں۔
۔۔۔///۔۔۔