ممبئی (سچ نیوز) بالی ووڈ فنکار راجپال یادیو کا بحیثیت اداکارفلموں میں پرفارمنس تو سب نے دیکھی ہوگی لیکن انہوں نے قید کے دوران تہاڑ جیل میں سٹیج پروگرام میں حاضرین کے دل جیت لئے۔قیدی نمبر 252،راجپال یادیو نے پچھلے جمعے کو بھارت کی تہاڑ جیل میں پہلی بار ایک پروگرام کے دوران اسٹینڈ اپ کامیڈی کی ۔200 سے زائد فلموں میں کام کرنے والے 47سالہ بھارتی اداکار راجپال یادیو نے اپنی فلم پروڈیوس کرنے کے لئے 5کروڑ روپے قرض لیا تھے جو واپس نہ کرنے پر بھارت کی ایک عدالت نےاُنہیں تین ماہ قید کی سزا سنائی تھی۔راجپال کی پرفارمنس کو نہ صرف ساتھی قیدیوں نے انجوائے کیا بلکہ جیل آفیسر نے بھی خوب داد دی۔بھارتی اخبار کے مطابق تہاڑ جیل میں بڑے بڑے سیاست دان، کرکٹرز ، گینگسٹرز اور دہشت گردی سزا کاٹ چکے ہیں لیکن کئی دہائیوں میں یہ پہلا موقع ہے جب کوئی مشہور اداکار یہاں قیدی کی حیثیت سے آیا ہے۔راجپال یادیو کی مشہور فلموں میں ’میں میری پتنی اور وہ‘، ’ویل کم بیک‘ اور ’میں مادھوری ڈکشٹ بننا چاہتی ہوں‘ سمیت کئی فلمیں شامل ہیں۔