اسلام آباد: ( روزنامہ سچ) عوام کو کچھ ریلیف ملنے کی امید، پٹرول 4 روپے 49 پیسے اور ڈیزل 5 روپے 33 پیسے فی لٹر سستا ہونے کا امکان ہے، نئی قیمتوں کا اطلاق رات 12 سے ہوگا۔
معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے روایت سے ہٹ کر ایک روز قبل ہی پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان کرتے ہوئے ان میں کمی کی خوشخبری سنائی جس پر وزارت خزانہ کی جانب سے اعلان کی تردید جاری کی گئی۔ وزارت خزانہ کا کہنا تھا یہ معاون خصوصی کا نہیں بلکہ متعلقہ وزارت کا استحقاق ہے کہ وہ تیل قیمتوں میں رد وبدل کا اعلان کرے، میڈیا پر پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کے حوالے سے چلنے والی خبریں درست نہیں ہیں اور نئی قیمتوں کے حوالے سے باقاعدہ پریس ریلیز جاری کی جائے گی۔
قبل ازیں فردوس عاشق اعوان نے ایک ٹویٹ میں کہا تھا کہ حکومت نے ستمبر کیلئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فیصلہ کیا ہے جس کے مطابق پٹرول کی قیمت میں 4 روپے 59 پیسے کمی کی گئی ہے جس کے بعد پٹرول 117 روپے 83 پیسے سے کم ہو کر 113 روپے 24 پیسے فی لٹر ہوگیا ہے۔ ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں فی لٹر 7 روپے 67 پیسے کی کمی کی گئی ہے اور ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت 132 روپے 47 پیسے سے کم ہو کر 124 روپے 80 پیسے، لائٹ ڈیزل فی لٹر 5 روپے 63 پیسے کم ہو کر اب 97 روپے 52 پیسے سے 91 روپے 89 پیسے کا ہوگا جبکہ مٹی کا تیل 4 روپے 27 پیسے کم ہو کر اب 103 روپے 94 پیسے کے بجائے نئی قیمت 99 روپے 57 پیسے میں فروخت ہوگا اور نئی قیمتوں پر عملدرآمد یکم ستمبر سے ہوگا۔
واضح رہے کہ ماہ اگست میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا تھا تو وزارت خزانہ کی جانب سے بھی پہلی بار قیمتوں میں رد و بدل کا باضابطہ اعلان نہ کیا گیا بلکہ اسکی طرف سے آئل کمپنیوں کو براہ راست نئی قیمتوں سے آگاہ کر دیا گیا تھا۔ سرکاری نوٹیفکیشن جاری نہ ہونے سے میڈیا کو درست قیمتوں کے حصول میں خاصی دشواری کا سامنا کرنا پڑا تھا۔