اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے نگراں وزیراعظم کے لیے سابق چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس (ر) گلزار احمد کا نام حتمی طور پر تجویز کردیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق ملک میں نئے انتخابات تک نگران وزیر اعظم کی تعیناتی کے لیے تحریک انصاف کی قیادت نے مختلف ناموں پر غور شروع کیا اور دو نام شارٹ لسٹ کیے جن میں سابق گورنر اسٹیٹ بینک ڈاکٹر عشرت حسین اور سابق چیف جسٹس (ر) پاکستان گلزار احمد کے نام شامل تھے۔اب وزیراعظم عمران خان نے سابق چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس (ر) گلزار احمد کا نام فائنل کردیا ہے جس کے لیے پارٹی قیادت اور ق لیگ سے بھی مشاورت کی گئی ہے۔رہنما تحریک انصاف فواد چوہدری نے ایک ٹوئٹ میں بتایا ہے کہ صدر مملکت کے خط کے جواب میں تحریک انصاف کور کمیٹی سے مشورے اور منظوری کے بعد وزیراعظم عمران خان نے سابق چیف جسٹس پاکستان جسٹس گلزار احمد کا نام نگران وزیر اعظم کے لیے تجویز کیا ہے۔
صدر مملکت کے خط کے جواب میں تحریک انصاف کور کمیٹی سے مشورے اور منظوری کے بعد وزیر اعظم عمران خان نے سابق چیف جسٹس پاکستان جسٹس گلزار احمد کا نام نگران وزیر اعظم کیلئے تجویز کیا ہے
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) April 4, 2022