قاہرہ(سچ نیوز)عالمی دہشت گرد تنظیم داعش(آئی ایس آئی ایس) نے ابو بکر البغدادی کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے ابو ابراہیم الہاشمی القریشی کو دہشت گرد تنظیم کا نیا سربراہ مقرر کر دیا ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق عالمی دہشت گرد تنظیم داعش نے ایک آڈیو پیغام میں ابو بکر البغدادی کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے ابو ابراہیم الہاشمی القریشی کو دہشت گرد تنظیم کا نیا سربراہ مقرر کر دیا ہے۔داعش کی جانب سے آڈیو پیغام جاری کرنے والےابو حمزہ نامی دہشت گرد نے ابو بکر البغدادی کی موت پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ابوبکر البغدادی کے علاوہ اس شدت پسند تنظیم کا ترجمان ابوالحسن المہاجر بھی ایک اور امریکی فوجی آپریشن میں مارا جا چکا ہے تاہم البغدادی کی موت کے بعد بھیمشن جاری رہے گا،آئی ایس آئی ایس کے دنیا بھر میں پھیلے ہوئے اراکین ابو ابراہیم الہاشمی القریشی سے وفاداری کا عہد اور ان کی بیعت کریں۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق داعش کی جانب سے آڈیو پیغام میں امریکہ کو پیغام دیا گیا ہے کہخوشیاں نہ مناؤ، البغدادی کی موت کے بعد سے آج کیے جانے والے اعلان تک آئی ایس آئی ایس نے اس بارے میں مکمل خاموشی اختیار کر رکھی تھی۔یاد رہے کہ آج ہی امریکی حکام نے شام میں داعش سربراہ ابوبکر البغدادی کے خلاف کامیاب آپریشن کی پہلی ویڈیو جاری کردی ہے۔امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون کی جانب سے جاری کی گئی ویڈیو میں امریکی ہیلی کاپٹرز کے حملے کے بعد امریکی فوجیوں کو اس کمپاؤنڈ کی طرف بھاگتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے جہاں سرنگ میں جانے سے پہلے ابوبکر البغدادی موجود تھا۔ویڈیو میں داعش سربراہ کی ہلاکت کے بعد اس کے رہائشی کمپاؤنڈ کو تباہ کرتے بھی دکھایا گیا ہے۔دوسری طرف داعش کی کارروائیوں پر گہری نظر رکھنے والے ماہرین کا کہنا ہے کہ داعش کا نیا سربراہ بظاہر کوئی ایسا نیا جہادی لیڈر ہے، جس سے دنیا واقف نہیں ہے تاہم بعض ماہرین کا کہنا ہے کہ داعش کا نیا سربراہ آئی ایس آئی ایس کے مرکزی لیڈروں میں شمارہونے والا حاجی عبداللہ نامی شدت پسند لیڈر ہو سکتا ہے۔حاجی عبداللہ داعش کے مرکزی رہنماؤں میں سے ایسا لیڈر تھا، جس کے بارے میں امریکی سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ نے کہا تھا کہ وہ ابوبکر البغدادی کا ممکنہ جانشین ہو سکتا تھا۔ماہرین کا کہنا تھا کہ ہو سکتا ہے ابو ابراہیم الہاشمی القریشی کوئی ایسا جہادی رہنما ہو، جس سے ہم پہلے ہی سے واقف ہوں لیکن جس نے ممکنہ طور پر اب نیا نام اپنا لیا ہو۔یاد رہے کہ پانچ روز قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعوی کرتے ہوئے کہا تھا کہ شام میں داعش کا سربراہ ابوبکر البغدادی امریکی حملے میں اپنے بچوں سمیت مارا گیا ہے۔