نئی دہلی (ویب ڈیسک) بھارت کے شہر کیتھل کے سرکاری سکول میں 12ویں جماعت کی طالبہ کی کاپی پر نازیبا ریمارکس دینے پر استاد کو 25 ہزار روپے جرمانے کے ساتھ 5 سال قید کی سزا سنادی گئی۔
میڈیا رپورٹس میں بتا یا گیا ہے کہ متاثرہ طالبہ نے 4 سال قبل اپنے انگریزی مضمون کے استاد سنجیو کمار کے خلاف کاپی میں نازیبا الفاظ کا استعمال کرکے ہراساں کرنے پر ہیڈ ماسٹر سے شکایت کی تھی جس کے کچھ عرصے بعد پولیس میں درخواست دائر بھی کروادی گئی تھی۔
پولیس کے مطابق سنجیو کمار کے خلاف آئین کے دفعہ 354 اور 506 کے تحت کیتھل پولیس سٹیشن میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
مقامی میڈیا کے مطابق خصوصی کورٹ کی ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج پونم سنیجا نے سماعت کے دوران ملزم پر 25 ہزار روپے کا جرمانہ عائدکرنےکے علاوہ 5 سال قید کی سزا بھی سنائی۔