سوات(نمائندہ خصوصی)گلوبل ٹائمز میڈیا رپورٹ کے مطابق ضلع شانگلہ میں ن لیگ نے بڑاچھکا مار دیا، پیپلزپارٹی کے اہم رہنما اور ضلعی نائب صدرغریب گل ساتھیوں سمیت مسلم لیگ ن میں شامل ہوگئے۔کئی بار پیر آباد یونین کونسل کا الیکشن جیتنے والے کئی دفعہ ڈسٹرکٹ ممبر رہنے والے غریب گل نے ن لیگ کے امیرمقام کی قیادت میں ن لیگ میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔انجینئر امیر مقام کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق ڈسٹرکٹ کونسلر غریب گل نے بتایا کہ انہوں نے علاقے کے بہتر مفاد اور عوامی خدمات کے اعتراف میں مسلم لیگ ن میں آنے کا فیصلہ کیا ہے اور اب وہ امیر مقام کی قیادت میں علاقے کی خدمت کریں گے۔اس موقع پر انجینئر امیر مقام نے غریب گل اور ان کے خاندان سمیت دیگر ساتھیوں کو ن لیگ میں شمولیت پر مبارکباد دی اور انہیں پارٹی ٹوپی اور ہار پہنائے اس موقع پر پاکستان مسلم لیگ ن کے صوبائی صدر انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ عمران خان الیکشن کمیشن کو تسلیم ہی نہیں کرتے تو ان سے کیا خیر کی توقع کی جا سکتی ہے۔عمران خان پہلے اسرائیل اور بھارت سے آنے والے پیسوں کاجواب دیں،موجودہ حکومت میں اداروں کو مفلوج کر دیا گیا ہے، موجودہ حکومت واحد حکومت ہے،جسے عوام کو مصیبت دیکر سکون ملتاہے،قرضے لینا اور سود میں عوام کو ڈبونا حکومت کا شیوہ ہے، جہانگیر ترین کا چینی سیکنڈل سامنے آیا تو انہیں اور اپنے حواریوں کو بچانے کے لئے ڈ ی جی ایف آئی اے کوبھی ہٹا دیا گیا،این آر او نہ دینے والے عمران خان صبح اور شام ہی این آر او دے رہے ہیں،خیرات مانگ مانگ کر عمران خان نے ملک کو اس حدتک بدنام کردیاہے کہ دیار غیر میں مقیم پاکستانیوں پر بیرون ملک جانے کے دروازے بند کئے گئے ہیں، سوات میں 4 جولائی کو پی ڈی ایم کا جلسہ حکمرانوں کی تاریخ میں آخری کیل ثابت ہوگی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے خوازہ خیلہ میں سلطان محمود کی رہائش گاہ پر پی پی پی شانگلہ کے نائب صدر اور سابق کونسلر غریب گل کا خاندان سمیت ساتھیوں کی ن لیگ میں شمولیت کے موقع پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر مسلم لیگ ن کے ضلعی صدر قیموس خان،قبائلی رہنما ملک داور،بہروز خان اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔انجینئر امیرمقام نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومت کا بجٹ عوام دشمن بجٹ ہے جس سے مہنگائی کا نیا طوفان برپا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے ایوان کو مچھلی بازار بنا دیا اور اس پارلیمنٹ کے تقدس کو پامال کرکے بجٹ کاپیاں پھینکی گئیں۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی والے عالمی جھوٹے ہیں اور وہ صبح شام جھوٹ بول کرعوام کو بے وقوف بنا رہے ہیں۔روز قرضے لینا اور سود میں عوام کو ڈبونا اس حکومت کا شیوہ بن چکا ہے،انہوں نے کہا کہ شانگلہ کی یونیورسٹی کا منصوبہ بجٹ سے نکال دیا گیا ہمارے وقت کے گیس منصوبوں کو دفن کردیا گیا،سوات موٹروے فیز ٹو کا منصوبہ گروی رکھنے کے سوا کچھ نہیں یہاں تک کہ نالائق حکمرانوں نے بشام خوازہ خیلہ ٹنل کو سی پیک سے نکال دیااور مینگورہ منگلور روڈ اور کالام روڈ پر رابطہ پلوں کا منصوبہ بھی ختم کیا گیا،امیر مقام نے کہا کہ 4 جولائی کو سوات میں پی ڈی ایم کا جلسہ تاریخی ہوگا اور تحریک کا دوسرا مرحلہ سوات سے شروع ہو کر حکمرانوں کی تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگا۔