ڈیووس: (سچ نیوز) شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ صدر ٹرمپ کے ساتھ ملاقات مفید رہی، وزیراعظم عمران خان نے اہم امور اٹھائے، امریکی صدر نے جلد دورہ پاکستان کی یقین دہانی کرائی۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا صدر ٹرمپ سے بہت اچھے ماحول میں ملاقات اور گفتگو ہوئی، ملاقات میں صدر ٹرمپ کی پوری ٹیم موجود تھی، ایف اےٹی ایف کا معاملہ اٹھایا اور ٹرمپ سے تعاون کی بات ، وزیراعظم نے صدر ٹرمپ کو سفری ہدایات نرم کرنے کی بات کی، ملاقات میں فیصلہ کیا گیا امریکی تجارتی وفد پاکستان آئے گا۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا وزیراعظم نے کشمیر کی صورتحال ٹرمپ کے سامنے رکھی، صدر ٹرمپ نے مسئلہ کشمیر پر تشویش کا اظہار کیا، انہوں نے یقین دلایا کشمیر کے مسئلے پر بات کریں گے، امریکی صدر کو ایران کے معاملے پر تشویش سے آگاہ کیا، صدر ٹرمپ سے افغان امن عمل کو آگے بڑھانے پر بات ہوئی، ٹرمپ نے کہا وہ عمران خان کو پسند اور ان پر اعتماد کرتے ہیں۔