شیخ رشید کیلئے وزارت چھوڑنے کو تیار ہوں، فواد چودھری

لندن: (سچ نیوز) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کے حالیہ بیان پر اپنا رد عمل دیتے ہوئے وزیر اطلاعات فواد چودھری کا کہنا تھا کہ وہ شیخ رشید کے لئے اپنی وزارت چھوڑنے کو تیار ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہم سب عوامی کی جانب سے دی گئی اعتماد کی طاقت کے باعث اپنے فرائض سرانجام دے رہے ہیں اور اس بات کا فیصلہ صرف وزیر اعظم کرسکتے ہیں کہ کون کس کام کیلئے بہتر ہے۔

 

یاد رہے کہ لاہور میں پریس کانفرنس کے موقع پر شیخ رشید نے کہا کہ انہوں نے وزیر اعظم عمران خان سے چار ملاقاتیں کیں، وزیر اعظم نے انہیں وزارت اطلاعات میں آنے کا کہا۔ شیخ رشید نے یہ بھی کہا کہ وہ مجھ میں اتنی ہمت نہیں، دن رات کام کرتا رہو، "وہ” لندن میں 8 دن سے پکنک پر ہیں، میں نے اُن سے کہا ہے کہ لندن سے واپس آجاؤ۔

وزیر ریلوے سے صحافی نے سوال کیا کہ وزیر اعظم وزارت کی تبدیلی کا کہیں تو آپ کا ردعمل کیا ہو گا؟ تو انکا کہنا تھا کہ میں کہوں گا "لو یو، تھینک یو ویری مچ”۔

بعدازاں میڈیا پر خبر نشر ہونے کے بعد وزیر ریلوے نے وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ فواد چودھری میرے بھائیوں جیسے ہیں، سوال ہی پیدا نہیں ہوتا کہ فواد کی جگہ لوں، مجھے وزیراطلاعات بننے کا شوق ہے نہ بنوں گا، ریلوے کا وزیر بننے پر بہت خوش ہوں، فواد میرا بھائی وہی وزیر اطلاعات رہے گا۔ پکنک والی بات مذاق میں کی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ دنیا کی ادھر ہوسکتی ہے، فواد کیخلاف کسی سازش میں شریک نہیں ہو سکتا، اب منہ کو تالا لگا کر رکھوں گا، آپس کی بات کو بھی چلا دیا، میں نے کلیئر کر دیا ہے۔

دوسری جانب وزیر اعظم کے معاون خصوصی افتخار درانی نے معاملے پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شیخ رشید اور فواد چودھری کے اچھے تعلقات ہیں، دونوں وزرا کی کارکردگی سے وزیر اعظم خوش ہے، کارکردگی کا نتیجہ پیر کے روز آئے گا۔

تحریک انصاف کے رہنماء نعیم الحق کا کہنا تھا فواد چودھری ہی وزیر اطلاعات رہیں گے، تین ماہ میں کسی وزیر کی کارکردگی کا فیصلہ نہیں ہو سکتا۔

Exit mobile version