نیویارک(سچ نیوز انٹرنیشنل) برطانوی شہزادوں ولیم اور ہیری کی بیگمات شہزادی کیٹ مڈلٹن اور میگھن مارکل کے درمیان ان بن کی خبریں میڈیا کی زینت بنتی رہیں اور بالآخر شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل شاہی القابات اور مراتب کو چھوڑ کر امریکہ منتقل ہو گئے۔ اب میگھن مارکل نے کیٹ مڈلٹن کے ساتھ تعلقات کے متعلق ایک اور انکشاف کر دیا ہے۔ میل آن لائن کے مطابق معروف میزبان اوپراونفرے کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے میگھن مارکل نے کہا ہے کہ ان کی شہزادہ ہیری کے ساتھ شادی سے پہلے ہی شہزادی کیٹ کا ان کے ساتھ رویہ ناگفتہ بہ تھا اور شادی سے پہلے ہی شہزادی کیٹ نے انہیں رُلا دیا تھا۔میگھن مارکل نے بتایا کہ ”شہزادی کیٹ مڈلٹن نے ’فلاور گرلز‘ کے ملبوسات کے معاملے پر تلخی کی جس پر میں رو پڑی تھی۔ تاہم اب میں شہزادی کیٹ کو اس معاملے پر معاف کر چکی ہوں کیونکہ انہوں نے بعد ازاں مجھے پھولوں کا گلدستہ دیا اور معافی مانگی تھی۔“اوپراونفرے نے شہزادی کیٹ کے متعلق باقی جتنے سوالات کیے، میگھن مارکل ان کے جوابات گول کر گئیں۔ اوپرا نے ایک سوال پوچھا کہ ”شہزادی کیٹ نے تمہیں شاہی خاندان میں کس طرح خوش آمدید کہا تھا؟“ اس کے جواب میں میگھن مارکل نے کہا کہ ”میرے خیال میں مجھے سب نے ہی خوش آمدید کہا تھا۔“اوپراونفرے کے ساتھ اس انٹرویو میں 36سالہ شہزادہ ہیری اور39سالہ میگھن مارکل نے ایک یہ تہلکہ خیز انکشاف بھی کیا کہ وہ دنیا کے سامنے ہونے والی شادی سے 3دن پہلے ہی شادی کر چکے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ ان کی یہ پرائیویٹ شادی کینٹربری کے بشپ نے کرائی تھی، جس میں کوئی ایک بھی مہمان شریک نہیں تھا۔ اس شادی میں صرف دولہا دلہن اور بشپ موجود تھے۔دوران انٹرویو میگھن مارکل نے کہا کہ ”ہماری اصل شادی تو تین دن پہلے ہو چکی تھی۔ جو شادی 19مئی کو ہوئی، وہ صرف ایک نمائش تھی جو دنیا کو دکھانے کے لیے کی گئی۔“