نئی دہلی (سچ نیوز) بھارت نے شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں نریندر مودی اور پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کے درمیان ملاقات کے امکان کو مسترد کردیا۔
بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان رویش کمار کا کہنا ہے کہ کرغیزستان کے دارالحکومت بشکیک میں 13 اور 14 جون کو ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس میں نریندر مودی اور وزیراعظم عمران خان کی کوئی ملاقات طے نہیں ہے، پاکستانی سیکریٹری خارجہ کا دورہ بھارت نجی تھا، پاکستانی سیکریٹری خارجہ کے ساتھ کوئی ملاقات طے نہیں تھی۔خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے مئی میں بھارتی لوک سبھا کے الیکشن میں کامیابی پر بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو مبارکباد پیش کی تھی۔وزیراعظم نے اپنے پیغام میں کہا تھا کہ جنوبی ایشیا میں امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے مودی کے ساتھ مل کر کام کرنے کا منتظر ہوں۔عمران خان کی مبارکباد کے جواب میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے ان سے اظہار تشکر کیا تھا۔عمران خان کی ٹوئٹ کے جواب میں نریندر مودی نے لکھا کہ ‘شکریہ عمران خان، میں آپ کی نیک خواہشات پر آپ کا تہہ دل سے مشکور ہوں’۔
نریندر مودی نے مزید لکھا کہ ‘میں نے ہمیشہ اپنے خطے میں امن اور ترقی کو اولین ترجیح دی ہے’۔