پیانگ یانگ(سچ نیوز)پیانگ یانگ اور واشنگٹن میں جوہری مذاکرات ڈیڈلاک کا شکار ہونے کے بعد جنوبی کوریا کی فوج نے کہا ہے کہ شمالی کوریا نے 2 کم فاصلے پر ہدف کو نشانہ بنانے والے میزائل کا تجربہ کیا ہے۔غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق سیؤل کے جوائنٹ چیفس آف اسٹاف نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ میزائلوں کو جنوبی پیونگان صوبے سے مشرق کی جانب سمندر میں فائر کیا گیا۔انہوں نے کہاکہ میزائلوں نے 370 کلومیٹر کا فاصلہ 90 کلومیٹر کی بلندی کو چھوتے ہوئے طے کیا۔انہوں نے کہا کہ ہم چاق و چوبند ہیں اور مزید میزائل فائر کیے جانے کے خدشے کے پیش نظر صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں۔دوسری جانب واشنگٹن میں ٹرمپ انتظامیہ کے سینئر حکام کے مطابق امریکا صورتحال کا مستقل جائزہ لے رہا ہے اور جاپان اور جنوبی کوریا میں اپنے اتحادیوں سے مسلسل رابطے میں ہے۔جنوبی کوریا کے قومی سلامتی کونسل نے ہونے والے میزائل تجربے پر تشویش کا اظہار کیا جبکہ جاپان کے وزیر اعظم شنزو آبے نے اس کی مذمت کی اور کہا کہ اس سے ملک اور خطے کے امن و استحکام کو شدید خدشات لاحق ہیں۔صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ شمالی کوریا نے رواں سال 20 میزائل تجربات کیے ہیں، یہ بات واضح ہے کہ وہ اپنی میزائل ٹیکنالوجی کو بہتر بنانا چاہتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ یہ نہایت ضروری ہے کہ ہم اپنی سیکیورٹی نگرانی کو مزید مضبوط کریں۔جاپان کے وزارت دفاع کا کہنا تھا کہ شمالی کوریا کی جانب سے ‘بیلسٹک میزائل’ فائر کیے گئے ہیں۔