ممبئی (سچ نیوز)معروف گلوکار اے آر رحمان اس پائے کے موسیقار اور گلوکار ہیں جنہیں آسکر ایوارڈ مل چکا ہے۔ دوسری جانب ان کا اسلام سے لگاﺅ اتنا گہرا ہے کہ ان کی صاحبزادی خدیجہ مکمل شرعی پردہ کرتی ہیں۔اے آر رحمان (اللہ رکھا رحمان) نے ایک ہندو گھرانے میں آنکھ کھولی لیکن نوجوانی میں اسلام کی جانب مائل ہوگئے۔ تصوف کے قادری سلسلے سے لگاﺅ کے باعث انہوں نے 23 سال کی عمر میں اسلام قبول کیا ۔ جس طرح ان کی گلوکاری مشہور ہے اسی طرح ان کا اسلام سے لگاﺅ بھی مشہور ہے۔ ان کے گھر کی خواتین سر ڈھانپ کر رکھتی ہیں جبکہ ان کی ایک صاحبزادی خدیجہ رحمان شرعی پردہ کرتی ہیں۔گزشتہ دنوں اے آر رحمان اپنی صاحبزادی خدیجہ کے ساتھ ایک تقریب میں شریک ہوئے۔ خدیجہ رحمان پہلی بار عوام کے سامنے آئی تھیں۔ لوگوں کے ذہن میں یہی تھا کہ اتنے بڑے موسیقار کی صاحبزادی ماڈرن ہوگی لیکن خدیجہ کو شرعی پردے میں دیکھ کر بہت سے لوگوں سے یہ بات ہضم نہیں ہوئی اور انہوں نے سوشل میڈیا پر طوفان مچادیا۔بھارت میں اے آر رحمان کی صاحبزادی پر تنقید حد سے بڑھی تو گلوکار خود بیٹی کے دفاع کیلئے میدان میں آگئے۔ انہوں نے اپنے گھر کی خواتین کی بھارت کے امیر ترین شخص مکیش امبانی کی اہلیہ نیتا امبانی کے ساتھ تصویر شیئر کی۔ اس میں ان کی صاحبزادی خدیجہ، رحیمہ اور ان کی اہلیہ سائرہ بھی نظر آرہی ہیں۔اے آر رحمان یہ تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ہر کسی کو اپنے انتخاب کی آزادی ہے۔ اس تصویر میں اے آر رحمان کی کہی بات سچ بھی نظر آرہی ہے کیونکہ ان کی صاحبزادی خدیجہ مکمل شرعی پردہ کرتی ہیں جبکہ رحیمہ پردہ نہیں کرتیں۔ ان کی اہلیہ سر ڈھانپ کر رکھتی ہیں، یعنی ان کے گھر میں ہر کوئی اپنے انتخاب میں آزاد ہے اور کسی پر کوئی دباﺅ نہیں ہے۔