ممبئی ( سچ نیوز ) بگ باس سیزن 13 ختم ہونے کے بعد اس بار رنر اپ رہنے والے عاصم ریاض کے بارے میں یہ دعویٰ کیا جارہا ہے کہ وہ بہت جلد بالی ووڈ ڈیبیو کرنے جار ہے ہیں ۔بھارتی میڈیا کے مطابق بگ باس سیزن 13 کے بعد عاصم ریاض شہرت کی نئی بلندیوں پر پہنچ گئے ہیں جس کے بعد انہیں کئی فلمز اور رئیلٹی شوز کی آفرز ہورہی ہیں۔ حال ہی میں انہیں بالی ووڈ کے کنگ شاہ رخ خان کی بیٹی سہانا خان کے مد مقابل فلم میں متعارف کرائے جانے کی تیاریاں کی جارہی ہیں۔
سٹار کڈز کو بالی ووڈ میں متعارف کرانے میں لاثانی شہرت رکھنے والے کرن جوہر سہانا خان اور عاصم ریاض کو اپنی نئی فلم کے ذریعے لانچ کرنے جارہے ہیں۔ اس نئے جوڑے کو دھرما پروڈکشن کی کامیاب فلم سیریز ’سٹوڈنٹ آف دی ایئر‘ کے تیسرے حصے میں لانچ کیا جائے گا،سہانا اور عاصم کی لانچنگ کے حوالے سے ابھی تک آفیشل سطح پر کوئی تصدیق سامنے نہیں آئی ہے۔
خیال رہے کہ کرن جوہر نے پہلی سٹوڈنٹ آف دی ایئر 2011 میں بنائی تھی جس میں انہوں نے مہیش بھٹ کی بیٹی عالیہ بھٹ، ڈائریکٹر ڈیوڈ دھون کے بیٹے ورون دھون اور سدھارتھ ملہوترا کو متعارف کرایا تھا۔ سٹوڈنٹ آف دی ایئر 2 کا دوسرا پارٹ 2019 میں ریلیز کیا گیا تھا جس میں چنکی پانڈے کی بیٹی اننیا پانڈے اور تارا ستاریا کو ٹائیگر شروف کے مد مقابل لانچ کیا گیا تھا۔