نئی دہلی (سچ نیوز) بالی وڈ کنگ شاہ رخ خان گزشتہ کئی دو سالوں سے ناکام فلمیں دے رہے ہیں اور یوں محسوس ہوتا ہے کہ اب وہ بھی مسلسل ناکامی سے تھک گئے ہیں کیونکہ انہوں نے اپنا کیرئیر بچانے کیلئے فلم ’ڈان 3‘ کو قبول کر لیا ہے۔تفصیلات کے مطابق شاہ رخ خان نے 2017ءمیں ریلیز ہونے والی فلم ’جب ہیری میٹ سیجل‘ میں ایک ٹور گائیڈ کا کردار نبھایا تھا جبکہ گزشتہ برس کے آخر میں ریلیز ہونے والی فلم ’زیرو‘ میں انہوں نے ایک بونے کا کردار نبھایا، تاہم یہ دونوں ہی کردار مداحوں کو متاثر کرنے میں ناکام رہے۔اب وہ دوبارہ سے فلم ’ڈان‘ کے تیسرے سیکوئل میں کام کرنے جارہے ہیں، جس کیلئے امید کی جارہی ہے کہ وہ ’ڈان 2‘ کی طرح ہی کامیاب ثابت ہوگی۔بھارتی میڈیا کے مطابق شاہ رخ خان نے سدھارتھ رائے کپور کی فلم ’سارے جہاں سے اچھا‘ میں کام کرنے سے انکار کردیا ہے جس میں انہیں ایک سائنسدان کا کردار نبھانا تھا تاہم انہوں نے ہدایت کار فرحان اختر کی ’ڈان 3‘ میں جلوہ گر ہونے کی تصدیق کردی ہے۔فلم کی مکمل کاسٹ کے حوالے سے فی الحال کوئی تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔