لاہور (سچ نیوز)دفاعی تجزیہ کار شہزاد چودھری نے کہاہے کہ بھارت اگر سی پیک سے مستفید ہونا چاہتاہے تو اس کو سی پیک میں شمولیت اختیار کرنا چاہئے بصورت دیگر سی پیک کی کامیابی کے بعد انڈیا خطے میں تنہا ہوجائے گا ، سعودی عرب کی سی پیک میں شمولیت سے ایران سعودیہ فاصلوں میں کمی ہوسکتی ہے ۔دنیا نیوزکے پروگرام ”ٹونائٹ ودھ معید پیر زادہ “ میں گفتگوکرتے ہوئے شہزاد چودھری نے کہا کہ سعودی عرب میں سی پیک کی شمولیت کا مطلب یہ ہے کہ سی پیک میں اتنی استعداد موجود ہے کہ اس میں مزید ممالک بھی شمولیت کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے سعودی عرب کے دورے کا مقصد یہ تھا کہ معاشی بحران کے پر قابو پانے کیلئے سی پیک میں سعودی عرب کی جانب سے سرمایہ کاری کی جائے اور یہ کہ تیل میں سبسڈی اور کچھ نقد مالی مدد بھی کی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ جو ملک سی پیک میں شمولیت نہیں کرے گا اس کوفائدہ نہیں ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ اگر سی پیک زیادہ فعال ہوگیا تو پاکستان کو زیادہ فائد ہ ہوگا ،سی پیک میں سعودی عرب کے آنے سے ایران اور سعودی عرب میں پائی جانیوالی دوریاں کم ہو سکتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ بھارت اگر سی پیک سے مستفید ہونا چاہتاہے تو اس کو سی پیک میں شمولیت اختیار کرنا چاہئے بصورت دیگر سی پیک کی کامیابی کے بعد انڈیا خطے میں تنہا ہوجائے گا ۔ان کا کہنا ہے کہ امریکہ کے پاس امداد ی فنڈ زروکنے کے بعد پاکستان کو کہنے کے لئے کچھ رہ ہی نہیں گیا اور اب امریکہ اپنی غلطی محسوس کررہاہے ، امریکہ نے بھارت کے ساتھ جو معاہدہ کیاہے یہ معاہدہ پاکستان اس سے قبل ہی امریکہ کے ساتھ کرچکا ہے ۔ امریکہ کی جانب سے بھارت کی طرف ابھی تک کوئی بڑی ٹیکنالوجی منتقل نہیں ہوئی ہے اورنہ مستقبل قریب میں منتقل ہوتی نظر آرہی ہے ۔