اسلام آباد: (سچ نیوز) وزیرِاعظم عمران خان سے سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے وزیرِاعظم آفس میں ملاقات کی۔ ذرائع کے مطابق سپیکر نے وفاقی وزرا کے ایوان میں رویے کے حوالے سے عمران خان سے شکایت کی۔
اسد قیصر نے کہا کہ وزرا کا رویہ حکومتی سے زیادہ اپوزیشن والا ہے۔ ناتجربہ کار وزرا کی وجہ سے بھی ایوان چلانے میں مشکلات ہیں۔
ذرائع کے مطابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے وزیرِاعظم کو بتایا کہ وزرا کی غیر حاضری کی وجہ سے اپوزیشن کی تنقید کا سامنا ہے۔ وزرا کے رویے سے تاثر جا رہا ہے کہ حکومت ایوان چلانے میں سنجیدہ نہیں، ناتجربہ کار وزرا کی وجہ سے بھی ایوان چلانے میں مشکلات ہیں۔ وزیراعظم نے سپیکر کو مسائل کے حل کی یقین دہانی کرا دی۔
وزیرِاعظم اور سپیکر کی ملاقات میں چیئرمین پی اے سی اور دھاندلی تحقیقاتی کمیٹی پر بھی بات چیت کی گئی۔ سپیکر نے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے چیئرمین کا عہدہ قائدِ حزب اختلاف کو دینے کی تجویز دی ہے جبکہ وزیرِاعظم نے معاملہ وزیرِ خارجہ کی وطن واپسی تک التوا میں رکھنے کہہ دیا۔
اس سے پہلے وزیرِ اطلاعات فواد چودھری کہہ چکے ہیں کہ چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا عہدہ اپوزیشن کو نہیں دیں گے۔ ذرائع کے مطابق ملاقات کے بعد وزیرِاعظم کی ہدایت پر ہی وفاقی وزرا فواد چودھری اور علی محمد خان نے سپیکر اسد قیصر سے ملاقات کی ہے۔