اسلام آباد(سچ نیوز) پاکستان پیپلزپارٹی کی رہنما فریال تالپور نے جعلی بینکس اکاونٹس کیس میں وفاقی تحقیقاتی ادارے ( ایف آئی اے ) کی تحقیقات کو اپنے اور سابق صدر آصف علی زرداری کے خلاف ایک سازش قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ان کے خلاف سپریم کورٹ میں چلنے والی سوموٹو کارروائی روک دی جائے۔
ہم نیوز کے مطابق فریال تالپور نے اپنے وکیل فاروق ایچ نائیک کے ذریعے سپریم کورٹ میں جمع کرائی گئی جعلی بینک اکاونٹس کیس کی متفرق درخواست میں انہوں نے الزام عائد کیا ہے کہ ایف آئی اے کے ڈائرکٹر جنرل بشیر میمن، نجف قلی مرزا اور محمد علی ابڑو ان کے خلاف سازش کر رہے ہیں، درخواست کے عبوری چالان میں اصف زرداری اور ان کا نام شامل کرنا بددیانتی ہے۔فریال تالپور نے اپنی درخواست میں کہا ہے کہ عبوری چالان میں ان دونوں کے نام شامل کرنے کا مقصد انہیں بد نام کرنا تھا تا کہ انتخابات میں ان کی ساکھ متاثر ہو، انہوں نے کہا کہ ان کے خلاف درج ایف آئی آر اور چالان میں منی لانڈرنگ کا کوئی ذکر نہیں ہے۔اپنی درخواست میں انہوں نے استدعا کی ہے کہ ایف آئی آر اور چالان داخل ہونے کے بعد سوموٹو کارروائی آئین کے آرٹیکل 254 کی خلاف ورزی ہے۔انہوں نے تحقیقاتی ٹیم کے سربراہ نجف قلی کو تبدیل کر کے غیر جانبدار افسر لگانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایف آئی اے کو انہیں ہراساں کرنے سے روکا جائے اور جعلی اکاونٹس کا حتمی چالان جمع کرانے کا حکم دیا جائے۔