اسلام آباد: (سچ نیوز ) وزیراعظم کی کابینہ نے 100 روزہ پلان کے بیشتر اہداف حاصل کر لیے۔
وفاقی وزیر مراد سعید کارکردگی کے لحاظ سے دیگر وزرا سے آگے نکل گئے ۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی جانب سے اعلان کیے جانے والے 100 روزہ پلان پر عملدرآمد کے حوالے سے کابینہ اراکین کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا جس میں رپورٹ پیش کی گئی۔
وزیراعظم کی جانب سے دیے گئے بیشتر اہداف حاصل کرلیے گئے ، وزیرمملکت برائے مواصلات مراد سعید کارکردگی میں اول نمبر پر رہے انہوں نے 1 ارب روپے کی زمین قبضہ مافیا سے واگزار کروائی۔کارکردگی سے متعلق اجلاس میں بتایا گیا کہ عمران خان کی ہدایت پر وزیراعظم ہاؤس کی سینکڑوں گاڑیاں نیلام کی گئیں جن سے حاصل ہونے والی 11 کروڑ روپے کی رقم قومی خزانے میں جمع کرائی گئی ۔
واضح رہے کہ تحریک انصاف کے نوجوان رہنما مراد سعید نے عام انتخابات میں شہر سوات کے حلقہ این اے 4 سے الیکشن لڑا ۔ انہوں نے تقریباً 71600 ووٹ لے کر این اے پی کے امیدوار محمد سلیم خان کو شکست دی تھی۔مراد سعید کو پہلے سیفرون کی وزارت سونپی گئی تھی مگر بعد ازاں انہیں وزیرمملکت برائے مواصلات کا قلمدان سونپ دیا گیا۔