سندھ میں پیپلز پارٹی کے 11 سالہ دور اقتدار میں عوامی مشکلات میں اضافہ ہوا ،شہریوں کے حقوق پر تحریک انصاف کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی:زارا خان

کراچی ( سچ نیوز) پاکستان تحریک انصاف کراچی کی سینئر نائب صدر زارا خان نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی گذشتہ 11 سال سے اقتدار میں ہے لیکن عوام آج بھی نہ صرف وہیں کھڑی ہے بلکہ ماضی کی نسبت شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو چکا ہے ،عوام تحریک انصاف کے ساتھ ہیں،ہم عوامی حقوق کے لئے جدوجہد کرتے رہیں گے اور شہریوں کو ان کا حق دلا کر رہیں گے اور کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق معروف سوشل ورکر اور پی ٹی آئی کراچی کی سینئر نائب صدر زارا خان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی سندھ میں اقتدار میں ہے اور سندھ پر حکمرانی کرتے ہوئے انہیں 11 سال بیت گئے ہیں لیکن سندھی عوام آج بھی شدید مشکلات کا شکار ہیں ،غریب عوام آج بھی وہیں کھڑے ہیں جہاں سے چلے تھے ،غربت ،معاشی پستی ،صاف پانی کی کمی ،بے روزگاری میں اضافہ اور جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر عوام کا مقدر بن چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کراچی میں تجاوزات کا مسئلہ ہو یا پانی کی کمی کا ،تحریک انصاف آج وفاق میں حکومت اور سندھ میں اپوزیشن میں ہے لیکن ہم نے ہمیشہ عوامی حقوق کے تحفظ کے لئے ہر جگہ بلا امتیاز آواز بلند کی ہےاورعوام کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں،سندھ حکومت کی عوام کے ساتھ زیادتیوں کے خلاف سب سے توانا اور مضبوط آواز پی ٹی آئی کی شکل میں موجود ہے ،ہم حکومت کو کسی صورت عوامی امنگوں کا قتل عام کرنے کی اجازت نہیں دیں گے ۔زارا خان کا کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں کہ غریب طبقات بھی امیروں کے شانہ بشانہ ملکی ترقی میں آگے بڑھیں ،اس کے لئے ان کی مشکلات کم کرنا پاکستان تحریک انصاف کی اولین ترجیح ہے ،وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں ملک کو لٹیروں اور چوروں سے پاک کرتے ہوئے پاکستان کو فلاحی ریاست میں جلد تبدیل کر دیں گے ،پوری حکومتی مشینری وزیر اعظم کی قیادت میں فلاحی ریاست کے قیام کے لئے دن رات کوشاں ہے۔

Exit mobile version