ممبئی (سچ نیوز) بالی ووڈ کے معروف فلم رائٹر سلیم خان کا کہنا ہے کہ ان کے صاحبزادے سلمان خان امتحان میں پیپر لیک کراکے پاس ہوتے تھے۔سلیم خان نے اپنے تینوں اداکار بیٹوں کے ساتھ دی کپل شرما شو میں شرکت کی۔ اس دوران انہوں نے بتایا کہ کس طرح سلمان خان پیپر لیک کراکے پاس ہوا کرتے تھے۔ سلیم خان نے قصہ سناتے ہوئے کہا کہ ان کے گھر میں گنیش نامی ایک آدمی آتا تھا جس کی مجھ سے بھی بڑھ کر عزت کی جاتی تھی۔ جب بھی وہ آدمی آتا تو سب لڑکے اس کے آگے پیچھے گھومتے ، کوئی پانی لا کر دیتا تو کوئی چائے لیکن جب میں کام سے گھر آتا تھا تو کوئی مجھے پانی تک نہیں پوچھتا تھا۔ میں بہت حیران ہوا کہ آخر یہ ایسا کون آدمی ہے جسے میرے ہی گھر میں مجھ سے بھی زیادہ عزت مل رہی ہے۔سلیم خان نے بتایا کہ جب انہوں نے گنیش کی حقیقت حال کا پتا کرایا تو یہ بات سامنے آئی کہ وہ امتحانی پرچے لیک کراکے سلمان خان کو دیا کرتا تھا۔ سلیم خان نے پروگرام کے دوران یہ بھی بتایا کہ انہوں نے اپنے بچوں کو کبھی نہیں ڈانٹا لیکن سلمان خان کو بچپن میں سب سے زیادہ ڈانٹ پڑتی تھی۔لیجنڈری رائٹر سلیم خان نے پروگرام کے دوران بتایا کہ ان کے تینوں صاحبزادے جو بھی کماتے ہیں لا کر ان کے ہاتھ پر رکھتے ہیں اور پھر واپس بھی لے جاتے ہیں۔ ان کی اس بات پر شرکا ہنس ہنس کر دہرے ہوگئے۔سلمان خان نے بتایا کہ وہ آج بھی اپنے والد سے پاکٹ منی مانگ کر لیتے ہیں جبکہ ان کے دوسرے دونوں بھائی ارباز خان اور سہیل خان پیسے چھین کر لیتے ہیں۔