نئی دلی (سچ نیوز) سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان نے اگلے 2 سال میں بھارت میں 100 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کردیا۔بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ولی عہد محمد بن سلمان نے کہا کہ انہیں آئندہ 2 برسوں کے دوران بھارت کے اندر 100 ارب سے زیادہ کی سرمایہ کاری کے مواقع نظر آ رہے ہیں۔ ہم امید کرتے ہیں کہ بھارت کے ساتھ اس سرمایہ کاری سے روزگار کے بہت سے مواقع جنم لیں گے۔محمد بن سلمان نے مزید کہا کہ بھارت اور سعودی عرب کے درمیان بہت سے مشترکہ مفادات ہیں جن کا تعلق ثقافت، سماج اور معیشت سے ہے۔ ہم ان مفادات کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے مطلوبہ منصوبہ بندی اور حکمت عملی وضع کر رہے ہیں۔
سعودی ولی عہد نے کہا کہ مودی کے 2016 میں دورہ سعودی عرب کے بعد سے اب تک مملکت نے ٹیکنالوجی اور چھوٹی صنعتوں میں 10 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ مودی کے دورے کے نتیجے میں 2017 اور 2018 میں آئل ریفائننگ اور پیٹروکیمیکلز کے شعبوں میں بھی سرمایہ کاری ہوئی۔خیال رہے کہ سعودی عرب بھارت میں رتناگری آئل ریفائنری میں 44 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کر رہا ہے۔