ریاض(سچ نیوز )سعودی عر ب آنے والوں کیلئے نئی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔سعودی محکمہ پاسپورٹ نے ہوائی اڈوں، بندرگاہوں اور بری سرحدی چوکیوں سے مملکت آنے والے تمام مسافروں کو نئی ہدایت جاری کی ہے۔اردونیوز کے مطابق سعودی حکومت کی جانب سے جاری کی گئی ہدایت میں مسافروں سے کہا گیاہے کہ ’ اگر وہ مملکت آنے سے 15روز قبل تک چین میں قیام پذیر رہے ہیں تو ایئرپورٹ ، سی پورٹ یا بری سرحدی چوکی پہنچنے پر امیگریشن حکام کو اس حوالے سے آگاہ کریں‘۔
عاجل ویب سائٹ نے محکمہ پاسپورٹ کے حوالے سے بتایاہے کہ ’ یہ پابندی کورونا کے نئے وائرس سے بچاوکیلئے حفاظتی تدابیر کے تحت لگائی گئی ہے۔ اس کی پابندی سعودی عرب آنے والے تمام مسافروں کو کرنا ہوگی۔ کسی کواستثنیٰ نہیں‘۔سعودی وزارت صحت نے اس سے قبل امراض سے بچاو اور انسداد کے قومی مرکز کے تعاون سے کرونا کے نئے وائرس کے سدباب کے لیے سخت احتیاطی تدابیر مقرر کی تھیں۔ سعودی عرب نے ہوائی اڈوں ، بندرگاہوں اور بری سرحدی چوکیوں پر کرونا وائرس کا پتہ لگانے اور متاثرین کے علاج کے لیے خصوصی سینٹر زبھی قائم کئے ہیں۔چین سے مملکت پہنچنے والوں کا طبی معائنہ کیا جارہاہے۔کسی بھی مسافر پرشبے کی صورت میں بھی طبی معائنہ کیا جارہاہے۔