لاہور: (سچ نیوز) سروسز ہسپتال میں زیر علاج دونوں چینی شہریوں کو کرونا وائرس نہ ہونے پر کلیئر قرار دے کر ڈسچارج کر دیا گیا ہے۔
ایم ایس سروسز ہسپتال سلیم چیمہ نے بتایا کہ چینی باشندوں سمیت ہمارے پاس جتنے بھی مریض لائے گئے، ان میں سے کسی کو بھی کرونا وائرس کا مرض نہیں نکلا۔ ایک چینی شہری کا چونکہ تعلق ووہان سے تھا، اس لیے خدشے کی بنیاد پر اسے داخل کیا گیا تھا۔
ڈاکٹر سلیم چیمہ کا کہنا تھا کہ میڈیکل رپورٹس درست آنے کے بعد دونوں چینی شہریوں کو ہسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا گیا ہے۔
گزشتہ روز سروسز ہسپتال میں داخل ہونے والی خاتون اور اس کے تین سالہ بچے کی صحت کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ دونوں ماں اور بیٹا میں کرونا وائرس کا کوئی ثبوت نہیں ملا۔
ان کا کہنا تھا کہ خاتون پنجاب یونیورسٹی کی طالبہ ہے جو وہاں سے چینی زبان سیکھی رہی تھی۔ اسی بنا پر وہ اپنے بیٹے کے ہمراہ داخل ہوئی تھیں لیکن دونوں کلیئر ہیں۔ انہوں نے عوام الناس سے درخواست کی کہ شہریوں کو بلاوجہ کرونا وائرس سے ڈرنے کی ضرورت نہیں ہے۔