اسلام آباد: (سچ نیوز ) سابق وزیراعظم نواز شریف نے آصف علی زرداری کو پیغام بھجواتے ہوئے کہا ہے کہ وہ گلے شکوے دور کریں، انھیں غلط فہمی ہوئی ہے۔ ان کے خلاف بننے والے مقدمات کا مجھے علم نہیں تھا۔
پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے درمیان پھر سے قربتیں بڑھنا شروع ہو گئی ہیں کیونکہ نواز شریف نے آصف زرداری کو گلے شکوے ختم کرنے کا پیغام بھجوا دیا۔
آصف زرداری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے جہاں تحریک انصاف کو آڑے ہاتھوں لیا، وہیں نواز شریف سے بھی شکوہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ جو مقدمات وہ بھگت رہے ہیں، یہ نواز شریف کے بنائے ہوئے ہیں۔
آصف زرداری کے شکوے کا جواب میں نواز شریف نے مولانا فضل الرحمان کے ہاتھ پیغام بھجواتے ہوئے کہا کہ وہ زرداری صاحب سے کہیں کہ ان کے خلاف مقدمہ میں نے نہیں بنایا، مجھے تو ان مقدمات کا علم ہی نہیں تھا، غلط فہمی دور کر دیں۔
ادھر حمزہ شہباز نے بھی پیپلز پارٹی رہنماؤں کے ساتھ ملاقات کا اشارہ دے دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان کئی دنوں سے ن لیگ اور پیپلز پارٹی کی قیادت کے درمیان غلط فہمیاں دور کرانے کیلئے سرگرم ہیں تا کہ تحریک انصاف حکومت کے خلاف اپوزیشن یکجا ہو کر مشترکہ لائحہ عمل طے کر سکے۔