کراچی(سچ نیوز) کراچی کے رکشا ڈرائیور نے شہنشاہ غزل مہدی حسن کا گیت گا کر مہوش حیات پر سحر طاری کردیا۔سماجی کام ہوں یا کسی کی حوصلہ افزائی، تمغہ امتیاز کی حامل اداکارہ مہوش حیات ہر دم ہر وقت دوسروں کی رہنمائی کے لیے تیار رہتی ہیں اور اکثر سوشل میڈیا پر پاکستان کے چھپے ٹیلنٹ کو اجاگر کرنے کے لیے پیش پیش رہتی ہیں اور یہی وجہ ہے کہ وہ رکشا ڈرائیور کی مسحور کن آواز کی تعریف کیے بنا نہیں رہ سکیں۔فیضان لاکھانی نامی سوشل میڈیا صارف کی جانب سے ایک ویڈیو شیئر کی گئی جس میں انہوں نے کراچی کی سڑکوں پر رکشا چلانے والے ایک ڈرائیور کی آواز کو دنیا بھر میں پیش کردیا۔ ویڈیو میں رکشا ڈرائیور نہایت ہی خوبصورت آواز میں شہنشاہ غزل مہدی حسن کا مشہور زمانہ گیت ’زندگی میں تو سب ہی پیار کیا کرتے ہیں‘ گا رہے ہیں۔رکشا ڈرائیور کی گلوکاری کو سن کر یہ کوئی نہیں کہہ سکتا کہ یہ آواز ایک عام سے شخص کی ہے لیکن جس خوبصورت انداز سے رکشا ڈرائیور نے گلوکاری کی، وہ قابل تعریف ہے اسی لیے ان کی آواز نے مہوش حیات کو بھی داد دینے پر مجبور کردیا۔
مہوش حیات نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر رکشا ڈرائیور کی آواز کی تعریف کرتے ہوئے اسے مسحور کن قراردیا۔دوسری جانب رکشا ڈرائیور قاسم نے بھی اپنی گلوکاری کے حوالے سے بتایا کہ وہ کلاسیکی موسیقار بننا چاہتے تھے لیکن غربت ان کی راہ میں آڑے آگئی اور پیٹ بھرنے کے لیے رکشا چلانے پر مجبور ہیں۔