واشنگٹن( سچ نیوز ) امریکہ کی صدارتی الیکشن مہم میں مختلف پولز کے نتائج میں جوبائیڈن کو ڈونلڈٹرمپ کا سب سے بڑا حریف قرار دیا جا رہا تھا لیکن اب برنی سینڈرز نے پانسہ پلٹ دیا ہے اور ایک حالیہ سروے میں ڈیموکریٹس امیدواروں میں وہ سرفہرست آ گئے ہیں۔ اس سروے میں 26فیصد ڈیموکریٹس اور آزاد لوگوں نے برنی سینڈرز کو ڈونلڈٹرمپ کے مقابلے کے لیے بہترین امیدوار قرار دیا۔ 20فیصد نے مائیک بلوم برگ کو اور صرف 17فیصد نے جوبائیڈن کو صدر ٹرمپ سے مقابلے کے لیے بہتر قرار دیا۔یہ نتائج رائٹرز کے پول میں سامنے آئے۔ رائٹرز کی طرف سے ہی جنوری میں بھی یہی پول کیا گیا تھا جس میں جوبائیڈن کو ٹرمپ کے مقابلے میں سب سے طاقتور امیدوار قرار دیا تھا۔ اب پول کے ماہرین کا کہنا ہے کہ برنی سینڈرز نے حالیہ ہفتوں میں امریکہ کے سیاہ فام لوگوں کی حمایت جیت لی ہے جس کی وجہ سے وہ سرفہرست آ گئے ہیں۔ ہفتے کے روز ہونے والے ساﺅتھ کیلیفورنیا پرائمری برنی سینڈرز کے لیے بڑا ٹیسٹ ثابت ہوں گے، جن میں معلوم ہو جائے گا کہ وہ حقیقت میں افریقی نژاد امریکی ووٹروں کے دل جیت سکے ہیں یا نہیں۔ ساﺅتھ کیلیفورنیا پرائمری میں 60فیصد الیکٹوریٹس سیاہ فام ہیں۔