ممبئی (سچ نیوز) بالی ووڈ اداکار رنویر سنگھ نے کچھ روز ایک تقریب کے دوران جذباتی ہوکر مداحوں پر چھلانگ لگادی تھی، جس کے نتیجے میں کئی افراد زخمی ہوگئے تھے۔ انہوں نے زخمیوں سے معافی مانگ لی۔ بھارتی اخبار ’ٹائمز آف انڈیا‘ کے مطابق اداکار رنویر سنگھ نے چند روز قبل ممبئی میں جاری لیکمی فیشن ویک میں شرکت کی، وہاں انہوں نے اپنے مداحوں کے لیے اپنی نئی آنے والی فلم ’گلی بوائے‘ کا گاناگا یا اور نا صرف یہ بلکہ دوران تقریب وہ اتنے جذباتی ہوگئے کہ انہوں نے ہجوم پر چھلانگ لگا دی تھی۔رنویر سنگھ کے اس اقدام کی وجہ سے کئی مداح زخمی ہوگئے، انہوں نے صورتحال کو دیکھتے ہوئے تقریب سے فوری طور پر نکل جانا بہتر سمجھا اور وہ وہاں سے چلے گئے۔ اداکار کی چھلانگ لگانے کی ویڈیو فوراً ہی سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی جس کے بعد سے انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک ہمالی نامی ایک صارف نے رنویر سنگھ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ رنویر کو اب بڑا ہو جانا چاہیے اور اس طرح کی بچکانہ حرکتیں بند کردینی چاہئیں۔نواز علی شاہ نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ ہر چیز میں اوور ایکٹنگ۔ایک اورصارف نے کہاکہ عوام نے رنویر کو اداکار بنایا ہے، عوام کو انہیں ایک عام شخص کی طرح ٹریٹ کرنا چائیے، یہاں امیر، غریب، مرد، خواتین سب برابر ہیں۔رنویر کو ان تمام لوگوں سے معافی مانگنی چاہیے جو اس حادثے میں زخمی ہوئے ہیں۔ارونبا نامی ایک ٹوئٹر صارف نے لکھا کہ رنویر اگلی بار چھلانگ لگانے سے پہلے اس بات کا خیال کرلیں کہ سامنے دپیکا کھڑی ہوں تاکہ جب آپ ان پر گریں تو وہ آپ کو پکڑ سکیں، آپ شادی شدہ شخص ہیں کچھ بڑے ہو جائیں۔تاہم جہاں سوشل میڈیا صارفین نے رنویر مخالف ٹوئٹس کیں وہیں رنویر کے مداحوں نے انہیں بھرپور سپورٹ کیا۔رنویر کے چند مداحوں نے انہیں وہ تمام ٹوئٹس بھیجیں جن میں سوشل میڈیا صارفین نے انہیں تنقید کا نشانہ بنایا تھا جس پررنویر نے فوراً جوابی ٹوئٹ کی اور گزشتہ روز ہونے والے واقعے پر شرمندگی کا اظہار کرتے ہوئے اپنے تمام مداحوں سے معافی مانگی۔رنویر نے شرمندہ ہوتے ہوئے لکھا کہ انہیں اپنی غلطی کا احساس ہے اس کے ساتھ ہی رنویر نے انہیں سپورٹ کرنے والے مداحوں کا بھی شکریہ ادا کیا۔