لاہور: (سچ نیوز) آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں نیب آفس آمد کے وقت رانا ثنا اللہ کے زیر استعمال گاڑی پی ٹی آئی کے سینئر رہنما عبدالعلیم خان کے نام پر نکلی۔
محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کی موٹر رجسٹریشن اتھارٹی کے ریکارڈ کے مطابق وائٹ کلر کی لینڈ کروزر کی 2014 میں رجسٹریشن کی گئی، اس کو ایل ای بی 2491 نمبر الاٹ ہوا، جب رانا ثنا اللہ سے اس گاڑی کے بارے میں معلوم کیا گیا کہ یہ گاڑی تو پی ٹی آئی کے عبدالعلیم خان کی ہے آپ کیوں استعمال کر رہے ہیں تو رانا ثنا اللہ نے کہا مجھے نہیں معلوم کہ گاڑی عبدالعلیم خان کی ہے یہ تو میرے دوست ملک نواز نے مجھے چند دنوں کیلئے دی ہے کیونکہ میری گاڑی اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) کے قبضے میں ہے۔ کوشش کر رہا ہوں جلد میری گاڑی مجھے مل جائے۔
اس سلسلے میں تحریک انصاف کے سینئر رہنما عبدالعلیم خان سے رابطہ کیا گیا تو ان کے ترجمان نے کہا کہ یہ گاڑی عبدالعلیم خان کی ہی ملکیت تھی مگر کچھ ماہ قبل یہ گاڑی فروخت کر دی تھی، جس نے یہ گاڑی خریدی اس نے اپنے نام ٹرانسفر نہیں کرائی ان سے کہا ہے کہ فوری گاڑی اپنے نام پر ٹرانسفر کرائیں۔