شہید ذوالفقار علی بھٹو نے بر سر اقتدار آکر شناختی کارڈ کی شکل میں عوام کو شناخت دی۔مقررین کا خطاب
پشاور(نمائندہ وصال احمد)گلوبل ٹائمز میڈیا رپورٹ کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی خواتین ونگ کے زیر اہتمام بانی پاکستان پیپلز پارٹی ذوالفقار علی بھٹو کی 42 ویں برسی کے موقع پر صوبائی سیکرٹری اطلاعات مہر سلطانہ ایڈووکیٹ کی رہائشگاہ پر قرآن خوانی کا اہتمام کیا گیا۔ قرآن خوانی کے موقع پر صوبائی جنرل سیکرٹری شازیہ طہماس‘ صوبائی نائب صدر اشبر جدون‘ صوبائی سیکرٹری اطلاعات مہر سلطانہ ایڈووکیٹ‘ قائمقام صدر پشاور سٹی نسرین بی بی‘ اینی سحر سمیت دیگر خواتین بھی موجود تھیں۔ قرآن خوانی کے بعد بانی پاکستان پیپلز پارٹی ذوالفقار علی بھٹو کے درجات کی بلندی اور پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی درازی عمر‘ ملک و قوم کی سلامتی اور پوری دنیا میں پھیلی ہوئی وباء کورونا وائرس کے خاتمے کے لئے دعائیں مانگی گئیں۔ مقررین نے اس موقع پر ذوالفقار علی بھٹو کی زندگی اور پاکستان میں کئے گئے کارناموں پر روشنی ڈالی اور کہا کہ قائد جمہور یت و بانی پاکستان پیپلز پارٹی شہید ذوالفقار علی بھٹو ایک عظیم لیڈر تھے جنہوں نے اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر پاکستان کو ایٹمی ملک بنایا جس کی بدولت آج دشمن وطن عزیز کی طرف میلی نگاہ سے دیکھنے کا سوچ بھی نہیں سکتے جس کا کریڈٹ قائد جمہوریت کو جاتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو شہید نے 90 ہزار پاکستانی فوجیوں کو واپس لا کر بڑا کارنامہ انجام دیا ہے جس کی مثالیں آج بھی دی جاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے بر سر اقتدار آکر شناختی کارڈ کی شکل میں عوام کو شناخت دی اور پاسپورٹ جیسی سہولت دے کر پوری دنیا میں پہچان دی اور خواتین کو با شعور بنایا اورملک کے تمام تر شعبوں میں نمائندگی دی اور با اختیار کیا کہ وہ خود اپنے فیصلے کریں اور ملک کی ترقی میں اپنا بھر پور کردار ادا کریں۔