دنیا کے با اثر ترین ممالک کی فہرست جاری، انڈیا 15 اور ایران 32 ویں نمبر پر موجود ، پاکستان کا نمبر کیا ہے؟

دنیا کے با اثر ترین ممالک کی فہرست جاری، انڈیا 15 اور ایران 32 ویں نمبر پر موجود ، پاکستان کا نمبر کیا ہے؟

واشنگٹن (سچ نیوز) دنیا کے با اثر ترین ممالک کی فہرست جاری کردی گئی ہے جس کے مطابق امریکہ پہلے ، چین دوسرے، سعودی عرب 12 ویں، انڈیا 15 ویں، ایران 32 ویں اور پاکستان 44 ویں نمبر پر موجود ہے۔یو ایس نیوز کی جانب سے بی اے وی گروپ کے اشتراک سے دنیا کے با اثر ترین ممالک کے بارے میں جاننے کیلئے سروے کرایا گیا ہے جس کی ذمہ داری یونیورسٹی آف پنسلوانیا کے وارٹن سکول اور گلوبل مارکیٹنگ اینڈ کمیونیکیشن کمپنی VMLY&R نے نبھائی۔ 80 ممالک میں کیے جانے والے سروے میں 20 ہزار لوگوں کی آرا جاننے کے بعد دنیا کے با اثر ترین ممالک کی فہرست مرتب کی گئی ہے۔یہ فہرست مرتب کرنے کیلئے اس بات کا جائزہ لیا گیا کہ کون سا ملک سب سے زیادہ خبروں میں رہتا ہے اورپالیسی میکنگ کے ساتھ ساتھ دنیا کی معیشت کا رخ متعین کرتا ہے۔ اس سروے کے دوران مختلف ممالک کے فوجی بجٹ کو بھی مد نظر رکھا گیا ہے اور یہ بات بھی دیکھی گئی ہے کہ متعلقہ ملک اپنے کیے ہوئے وعدوں کو کس حد تک عملی جامہ پہناتا ہے۔دنیا کے با اثر ترین ممالک کی فہرست ورلڈ انڈیکس نے ٹوئٹر پر جاری کی ہے جس کے مطابق دنیا کا سب سے بااثر ترین ملک امریکہ کو قرار دیا گیا ہے۔ تیزی سے ابھرتی ہوئی سپر پاور چین کو اس فہرست میں دوسرے جبکہ سابق سپر پاور روس کو لسٹ میں تیسری جگہ ملی ہے۔فہرست میں برطانیہ چوتھے، جرمنی پانچویں، فرانس چھٹے، جاپان ساتویں، اسرائیل آٹھویں، اٹلی نویں اور کینیڈا دسویں نمبر پر ہیں۔با اثر ترین ممالک کی فہرست میں سعودی عرب کا 12 وں، متحدہ عرب امارات کا 14 واں اور بھارت کا 15 واں نمبر ہے۔ برادر اسلامی ملک ترکی کو دنیا کا 20 واں ، ایران کو 32 واں اور ملائیشیا کو 43 واں با اثر ترین ملک قرار دیا گیا ہے۔ با اثر ترین ممالک کی صف میں پاکستان کا نمبر 44 واں ہے۔

Exit mobile version