واشنگٹن ( سچ نیوز ) دنیا کے امیر ترین آدمی اور ایمازون کمپنی کے بانی جیف بیزوس نے گلوبل وارمنگ سے نمٹنے کیلئے ’ بیزوس ارتھ فنڈ‘ کے نام سے قدم اٹھایا ہے اور اس کیلئے انہوں نے 10 ملین ڈالر ( تقریباً ایک ارب 54 کروڑ روپے) کی رقم عطیہ کی ہے۔انسٹاگرام پر اپنی ایک پوسٹ میں جیف بیزوس نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلی ہمارے سیارے کیلئے سب سے بڑا خطرہ ہے، اس لیے وہ چاہتے ہیں کہ تباہ کن ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے کیلئے ان لوگوں کے شانہ بشانہ لڑیں جو پہلے ہی اس معاملے پر کام کر رہے ہیں ۔
انہوں نے بیزوس ارتھ فنڈ کے قیام کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس کے ذریعے سائنسدانوں، سماجی کارکنوں اور این جی اوز سمیت ان تمام کاوشوں کی مدد کی جائے گی جو ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے کیلئے اٹھائی جارہی ہیں۔جیف بیزوس نے لکھا ’ ہم زمین کو بچا سکتے ہیں، اس معاملے میں بڑی کمپنیوں، چھوٹے اداروں، قوموں ، عالمی اداروں اور شخصیات سمیت سب کو ہی اپنا حصہ ڈالنا ہوگا۔ ‘
انہوں نے اعلان کیا کہ وہ ابتدائی طور پر بیزوس ارتھ فنڈ کیلئے 10 ملین ڈالر دے رہے ہیں اور گرمیوں میں وہ گرانٹس دینے کا سلسلہ شروع کردیں گے، ’ زمین وہ واحد چیز ہے جو ہم سب شیئر کرتے ہیں، اس لیے اسے مل کر محفوظ بنانا ہوگا۔‘