ماسکو(مانیٹرنگ ڈیسک) دنیا کی بلند ترین چوٹی ماﺅنٹ ایورسٹ کو سر کرنے کی کوشش میں ایک روسی کوہ پیما کی موت واقع ہو گئی۔ میل آن لائن کے مطابق اس کوہ پیما کی شناخت تاحال سامنے نہیں آ سکی تاہم بتایا گیا ہے کہ یہ کوہ پیما 21ہزار 499فٹ کی بلندی پر کیمپ میں پہنچ گیا تھا جہاں زیادہ بلندی کے باعث اس کی طبیعت خراب ہوئی اور اس کی موت واقع ہو گئی۔
رپورٹ کے مطابق نیپال کے محکمہ سیاحت کے عہدیدار بھسمہ راج ڈھگانا نے بتایا ہے کہ ”متوفی کوہ پیما کی لاش بیس کیمپ میں پہنچا دی گئی ہے اور موسم ٹھیک ہونے پرکٹھمنڈو پہنچا دی جائے گی۔ “واضح رہے کہ رواں سیزن میں ماﺅنٹ ایورسٹ پر ہونے والی یہ دوسری موت ہے۔ گزشتہ ماہ نیپالی کوہ پیما نگیمی تینجی شرپا کی موت ہوگئی تھی۔ دنیا کی اس بلند ترین چوٹی کو سرکرتے ہوئے بدقسمتی سے ہر سال اوسطاً 5اموات ہوتی ہیں۔