ماسکو(سچ نیوز ) روس دنیا کا پہلا ملک بن کر سامنے آیا ہے جس نے چین سے پھیلنے والے خوفناک کورونا وائرس کے غیرملکی مریضوں کو اپنے ملک سے نکالنے کا اعلان کر دیا ہے۔ بلومبرگ کے مطابق روسی حکومت نے کورونا وائرس کے خلاف ایک ’نیشنل پلان‘ بنایا ہے جس پر وزیراعظم میخائیل میشستین نے دستخط کیے ہیں۔ اس پلان کے تحت ان تمام غیرملکیوں کو ڈی پورٹ کر دیا جائے گا جن میں کورونا وائرس کی موجودگی کی تصدیق ہو گی۔رپورٹ کے مطابق روس نے کورونا وائرس کے باعث ’سوچی اکنامک فورم‘ کا انعقاد بھی ملتوی کر دیا ہے جو کہ 12تا 14فروری ہونے جا رہا تھا۔ وزیراعظم میخائیل کا کہنا ہے کہ ”ہم ہر ممکن احتیاطی تدابیر اختیار کر رہے ہیں جن سے کورونا وائرس کو اپنے ملک میں پھیلنے سے روکا جا سکے۔ چین سے روس آنے والے غیرملکیوں کے ایئرپورٹ پر ٹیسٹ کیے جائیں گے اور جس میں کورونا وائرس موجود ہوا انہیں ایئرپورٹ سے ہی واپس بھیج دیا جائے گا۔“روس نے چین جانے والی 200سے زائد پروازیں بھی منسوخ کر دی ہیں اور چین کے ساتھ زمینی راستے بھی بند کر دیئے ہیں۔ واضح رہے کہ روس میں گزشتہ جمعہ کے روز کورونا وائرس کے دو مریض سامنے آئے تھے۔ یہ دونوں مریض چینی شہری تھے اور سائبیریا میں موجود تھے۔