ممبئی(سچ نیوز) بھارت میں مئی کے مہینے میں انتخابات ہونے جا رہے ہیں جن میں فتح حاصل کرنے کے لیے سیاسی جماعتیں ہر حد تک جا رہی ہیں، حتیٰ کہ پاکستان کے ساتھ کشیدگی کو بھی اسی تناظر میں لیا جا رہا ہے۔ اب بالی ووڈ اداکاروں اور اداکاراﺅں کے متعلق بھی ایسا ہی ایک حیران کن انکشاف سامنے آیا ہے۔ گلف نیوز کے مطابق ایک تحقیقاتی خبریں شائع کرنے والی ویب سائٹ ’کوبرا پوسٹ‘نے اپنی نئی تحقیقات میں بالی ووڈ کے 36اداکاروں اور اداکاراﺅں کو رنگے ہاتھوں پکڑ لیا ہے جو کسی ایک سیاسی جماعت سے پیسے لے کر اپنے سوشل میڈیا اکاﺅنٹس سے ان کے لیے پوسٹس کر رہے ہیں۔کوبرا پوسٹ نے ان اداکاروں اور اداکاراﺅں کا رقم کے عوض سیاسی پوسٹس کرنے کے اعتراف پر مبنی ویڈیو ثبوت بھی حاصل کر لیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق جو اداکار یہ کام کرتے رنگے ہاتھوں پکڑے گئے ان میں سنی لیون، ابھیجیت بھٹاچاریا، کیلاش کھیر، میکا سنگھ، باباسہگل، جیکی شروف، شکتی کپور، ویویک اوبرائے، سونوسود، امیشا پاٹیل، ماہیمہ چوہدری، شریاس تالپیڈے، پنیت ایسار، سریندرپال، پنکج دھیر اور ان کے صاحبزادے نیکتن دھیر، ٹیسکا چوپڑا، دیپشیکھا نیگپال، اکھیلندرا مشرا، روہت رائے، راہول بھٹ، سلیم زیدی، راکھی ساونت، امن ورما، منیشا لامبا، پونم پانڈے، راجو سری واستو، سنیل پال، راجپال یادو، اپاسنا سنگھ اور کروشنا ابھیشک و دیگر شامل ہیں۔ان میں سے زیادہ تر لوگ وزیراعظم نریندر مودی اور ان کی جماعت کے ساتھ ملے ہوئے ہیں اور کچھ کانگریسی یا دیگر جماعتوںکے ساتھ، اور ان سے رقم لے کر ان کے حق میں یا ان کے مخالفین کے خلاف اپنے سوشل میڈیا اکاﺅنٹس پر پوسٹس کر رہے ہیں۔