نیویارک(سچ نیوز) شدت پسند تنظیم داعش کے سربراہ ابوبکر البغدادی کے سر کی قیمت اڑھائی کروڑ ڈالر مقرر کی گئی تھی جو اب داعش سے منحرف ہونے والے اس شدت پسند کو ملے گی جس نے امریکی فوج کو بغدادی کے متعلق معلومات دیں، جن کی وجہ سے وہ آپریشن کے قابل ہوئیں۔ میل آن لائن کے مطابق یہ رقم مکمل اس شخص کو ملے گی یا اس ایک حصہ، اس حوالے سے تاحال معلوم نہیں ہو سکا۔ امریکی حکام نے واشنگٹن پوسٹ سے بات کرتے ہوئے بتایا ہے کہ یہ مخبر ابوبکر البغدادی کے کمپاﺅنڈ ہی میں رہائش پذیر تھا۔اسی نے بغدادی کے گندے انڈرویئر چوری کرکے کرد خفیہ ایجنسی کے ایجنٹ کے ذریعے امریکی فورسز تک پہنچائے تھے جن کے ڈی این اے ٹیسٹ کرکے بغدادی کے وہاں موجود ہونے کی تصدیق کی گئی تھی۔ اس کے بعد اس مخبر نے اس عمارت کے کمرے کے متعلق بھی بتایا تھا جہاں ابوبکر البغدادی موجود تھا۔ امریکی فورسز کے آپریشن کے وقت بھی یہ شخص اسی عمارت میں موجود تھا، جسے اب بیوی بچوں سمیت محفوظ مقام پر پہنچا دیا گیا ہے۔امریکی حکام کی طرف سے داعش سے منحرف ہونے والے اس مخبر کا نام اور دیگر تفصیلات نہیں بتائی گئیں تاہم ان کا کہنا تھا کہ یہ ایک عرب ملک کا رہنے والا ہے۔ وہ داعش سے اس لیے منحرف ہوا کیونکہ کچھ عرصہ قبل داعش کے شدت پسندوں نے اس کے ایک فیملی ممبر کو قتل کر دیا تھا۔ اس شخص کی ایک تصویر بھی سامنے آئی ہے جس میں اسے ایک کمرے میں بیٹھے دکھایا گیا ہے اور اس کے ایک طرف کلاشنکوف پڑی ہوتی ہے۔ واضح رہے کہ جب امریکی فورسز نے اس عمارت پر دھاوا بولا تو راہ فرار نہ پا کر ابوبکر البغدادی نے خودکش جیکٹ پہن کر خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔ اس دھماکے میں مبینہ طور پر اس کے تین بچے اور دو بیویاں بھی ہلاک ہو گئیں۔