خواجہ برادران کا نام ای سی ایل میں شامل، فواد چودھری نے تردید کردی

لاہور: (سچ نیوز)  آشیانہ اقبال سکینڈل میں ایک اور بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے، خواجہ سعد رفیق اور سلمان رفیق کا نام ای سی ایل میں ڈال دیا گیا.

تفصیلات کے مطابق گزشتہ دورِ حکومت میں وزیر ریلوے رہنے والے سعد رفیق اور وزیر صحت پنجاب سلمان رفیق کا نام ای سی ایل میں ڈال دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ دونوں بھائیوں کو 16 اکتوبر کو نیب کے روبرو پیش ہونے کا کہا گیا ہے جبکہ نیب لاہور نے منی ٹریل بھی ہمراہ لانے کی ہدایت کی ہے۔ خواجہ برادران کے خلاف پیرا گون ہاوسنگ سکیم کے حوالے سے تحقیقات جاری ہیں جس کیلئے دونوں بھائیوں کو نیب نے ایک بار پھر طلب کیا ہے۔ خواجہ سعد رفیق ن لیگ کے ٹکٹ پر لاہور کے حلقہ این اے131 سے ضمنی انتخاب بھی لڑ رہے ہیں۔

واضح رہے کہ خواجہ برادران کو گذشتہ جمعہ کو بھی طلب کیا گیا تھا، تاہم انہوں نے الیکشن کے باعث پیش ہونے سے معذرت کر لی تھی۔

اس سے قبل یکم اکتوبر کو قومی احتساب بیورو لاہور نے پیراگون سٹی کرپشن کیس میں مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور خواجہ سعد رفیق کے قریبی دوست قیصر امین بٹ کو حراست میں لے لیا تھا۔ قیصر امین بٹ پیراگون سٹی کے چئیرمین اور حصے دار ہیں۔ نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق نے منی ٹریل نیب کو فراہم نہیں کی جبکہ نیب کے مطابق پیراگون سٹی آشیانہ ہاوسنگ کی بینیفشری ہے ۔

تاہم وفاقی وزیرِ اطلاعات فواد چودھری نے خواجہ برادران کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں ڈالنے کی تردید کی ہے۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری بیان میں ان کا کہنا ہے کہ سعد رفیق اور سلمان رفیق کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا فیصلہ نہیں ہوا، نیب آزاد ادارہ ہے، ہم قانون کے تحت معاونت کریں گے، نیب کے فیصلوں پر عملدرآمد کیا جائے گا۔
Exit mobile version