لاہور (سچ نیوز ) معروف ڈرامہ نویس خلیل الرحمان قمر موٹروے زیادتی کیس کے خلاف احتجاج کرنے آئے تو لوگوں نے الٹا انہی کے خلاف نعرے بازی شروع کردی۔
جمعہ کے روز موٹروے زیادتی کیس کے خلاف لاہور میں احتجاجی مظاہرہ کیا جارہا تھا جس میں ڈرامہ نویس خلیل الرحمان قمر نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر جب وہ میڈیا سے بات کرنے لگے تو ایک سماجی کارکن حسنین جمیل نے ان کے خلاف نعرے بازی شروع کردی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے خلیل الرحمان قمر نے کہا کہ "وہ اس بے شرمی پر لعنت بھیجنا چاہتے ہیں، یہ کون بے شرم آدمی تھا، کیا یہ جیو کا بندہ تھا، میں ایسے بے شرم صحافی کے اوپر لعنت بھیجتا ہوں۔”
انہوں نے گفتگو کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے کہا ” اللہ گواہ ہے کہ میں عورت مارچ کے سخت خلاف تھا، عورتوں اور ہمارے مسائل ایک جیسے ہیں، جب اس ملک میں قانون کی حکمرانی ہوگی تو ہمیں یہ بھی سمجھ آجائے گی، ہم سب مل کر اس واقعے پر پوری طرح رو رہے ہیں، اگر اس واقعے پر انصاف نہ ملا تو پتہ نہیں ہمارا معاشرہ کس طرف چلا جائے گا۔”
خلیل الرحمان قمر کے خلاف نعرے بازی کرنے والے سماجی کارکن حسنین جمیل نے کہا کہ "میں نے انتہائی فخریہ انداز میں اس منافق کو آڑے ہاتھوں لیا، یہ دوغلا شخص ہمیشہ ہی خواتین کے اصل مسائل سے انکار کرتا رہا ہے، یہ شخص باڈی شیمنگ میں سزا یافتہ ہے، میں نے اسے آپ کہہ کر مخاطب کیا (حالانکہ یہ اس کا مستحق نہیں) لیکن آپ اس کی زبان بھی ملاحظہ کریں۔”