حکومت ڈیجیٹل اکانومی کی راہ میں حائل ہر رکاوٹ دور کرے گی: صادق سنجرانی

حکومت ڈیجیٹل اکانومی کی راہ میں حائل ہر رکاوٹ دور کرے گی: صادق سنجرانی

اسلام آباد (سچ نیوز ) چین پاکستان اکنامک اینڈ بزنس کونسل نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے اشتراک سے اسلام آباد میں پہلا ورلڈ ڈیجیٹل ٹریڈ سمٹ منعقد کیا جس میں پاکستان اور چین کی بزنس کمیونٹی نے شرکت کی۔ سینٹ کے چیئرمین محمد صادق سنجرانی مہمان خصوصی جبکہ سنیٹر میاں محمد عتیق شیخ شریک میزبان تھے،اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد احمد وحید، راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر صبور ملک اور دیگر شخصیات بھی اس سمٹ میں موجود تھیں۔

اس موقع پرخطاب کرتےہوئےسینٹ کےچیئرمین محمد صادق سنجرانی کاکہناتھاکہ  موجودہ حکومت پاکستان کو ڈیجیٹل اکانومی کےطورپرفروغ دینےکیلئےپرعزم ہےاور اِس کی راہ میں آنے والی ہر رکاوٹ کو دور کیا جائے گا۔اُنہوں نے اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ حکومت نجی شعبے کو ڈیجیٹل کاروبار کو فروغ دینے کیلئے ہر طرح سے سہولت فراہم کرے گی تا کہ پاکستان جلد ایک ڈیجیٹل اکانومی بن کر ابھرے۔اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد احمد وحید نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے حال ہی میں ڈیجیٹل پاکستان ویژن کا اجراء کیا ہے جس کا مقصد پاکستان کو ایک ڈیجیٹل اکانومی کے طور پر فروغ دینا ہے، پاکستان کا روشن مستقبل ڈیجیٹل اکانومی سے وابستہ ہے کیونکہ اس کے فروغ سے پاکستان کے کاروباری اداروں اور خاص طور پر نوجوان انٹرپرنیورز کو عالمی مارکیٹ میں بہتر رسائی فراہم ہو گی اور پاکستان کی کمپنیاں ترقی کر کے گلوبل سطح پر اپنا نام پیدا کرنے کے قابل ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے پاس انفارمیشن ٹیکنالوجی شعبے کے پیشہ وارانہ نوجوانوں کی کثیر تعداد موجود ہے اور ڈیجیٹل اکانومی کے فروغ سے ان کیلئے ترقی کی بہت سی نئی راہیں کھلیں گی، ڈیجیٹل پاکستان ویژن کا مقصد یہ ہے کہ حکومت اور نجی شعبہ مل کر پاکستان کو تیزی سے ترقی کی طرف لے جائیں اور اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ تاجر برادری ان مقاصد کے حصول کیلئے حکومت کے ساتھ بھرپور تعاون کرے گی۔

Exit mobile version